4 ایرانی تیل بردار جہاز ضبط کرنے کا امریکی اعلان، جواب کیلئے ایران کا امتحان شروع؟

0

واشنگٹن: امریکہ نے وینزویلا کیلئے تیل لے جانے والے 4 ایرانی بحری جہازوں کو ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا ہے، اور کہا ہے کہ ضبط جہاز اور ان میں موجود تیل کو فروخت کرکے ان امریکیوں کی امداد کی جائے گی، جو ایرانی دہشت گردی  سے متاثر ہوچکے ہیں۔

دوسری طرف ایران نے امریکی حکم نامے کو قذاقی سے تعبیر کیا ہے، چند روز قبل ایران نے دھمکی دی تھی کہ اگر امریکہ نے اس کے جہازوں کو ضبط کرنے کی کوشش کی تو اس کا جواب خلیج میں امریکی بحری اثاثوں کو نشانہ بنا کر دیا جائے گا، تاہم اس دھمکی پر عمل کے حوالے سے ایران کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

ایران نے امریکی پابندیوں کا شکار وینزویلا کیلئے گزشتہ ہفتے 5 جہازوں کے ذریعہ 15 لاکھ بیرل تیل بھیجا تھا، تاہم اب واشنگٹن کی ایک عدالت نے ان میں سے 4 جہاز ضبط کرنے کا حکم جاری کیا ہے، جس کے بعد امریکی بحریہ کارروائی کرکے ان جہازوں کو اپنی تحویل میں لے لے گی، ان میں بیلا، پانڈی، لونا اور بئیرنگ نامی جہاز شامل ہیں، اور ان کے پاس 50 ملین ڈالر مالیت کا تیل موجود ہے۔

امریکی فیڈرل پراسیکیوٹرز نے ان ایرانی جہازوں کو ضبط کرنے کے لیے مقدمہ دائر کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا ایران سے وینز ویلا کو تیل کی فراہمی ایران پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تیل کی فراہمی کا انتظام ایران میں موجود محمود مدنی پور نامی شخص نے کیا ہے، جو دہشت گرد قرار دی گئی ایران کی پاسداران انقلاب کیلئے کام کرتا ہے، مدنی پور نے بظاہر یہ شپمنٹ مبین انٹرنیشنل لمیٹڈ کیلئے کی ہے، اور یہ کمپنی بھی ایرانی پاسدران انقلاب کی فنڈنگ کا ایک ذریعہ ہے۔

دوسری جانب نیویارک میں ایرانی ترجمان علی رضا نے کہا ہے کہ امریکہ نے جہاز ضبط کئے تو یہ قذاقی ہوگی، انہوں نے کہا کہ امریکی اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر کے خلاف اور عالمی امن و سلامتی  کو خطرے میں ڈالنے کے متراد ف ہوگا تاہم ترجمان نے جوابی کارروائی کی دھمکی کے حوالے سے کچھ نہیں کہا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.