اسلام آباد: کرونا کی صورتحال قابو میں آنے کے بعد حکومت نے ملک کے تمام ہوائی اڈوں سے ملکی اور غیر ملکی پروازوں کی اجازت دے دی ہے، جس سے اوور سیز پاکستانیوں کو سہولت حاصل ہوگی اور وہ اپنے گھروں کے قریبی ہوائی اڈہ پر اترسکیں گے۔
اس حوالے سے سول ایوی ایشن نے تمام ائرلائنز کو نوٹم جاری کردیا ہے، جس میں انہیں نئے فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے، تاہم ائر لائنز کو ایس اوپیز پر عمل یقینی بنانا ہوگا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر ائر ٹرانسپورٹ ائیر کموڈور عرفان صابر کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان نے تمام ائرپورٹ انٹرنیشنل پروازوں کے لئے کھول دئیے ہیں، اور فضائی کمپنیاں 17 مارچ سے قبل کی صورتحال کے مطابق اپنی پروازیں معمول کے مطابق چلاسکتی ہیں۔
تاہم اس کے لئے انہیں سول ایوی ایشن کی اعلان کردہ ایس او پیز کا خیال رکھنا ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ملک کے صرف 3 بڑے ہوائی اڈوں سے غیر ملکی پروازوں کو اڑا بھرنے کی اجازت دی گئی تھی، تاہم نئے حکم نامے کے بعد ملتان، سیالکوٹ، پشاور اور فیصل آباد سمیت وہ تمام ہوائی اڈے عالمی پروازوں کے لئے کھل گئے ہیں، جہاں کرونا سے قبل پروازیں آپریٹ ہورہی تھیں۔ اسی طرح ملکی پروازوں کے لئے بھی تمام ہوائی اڈے کھول دئیے گئے ہیں۔