نواز شریف واپس آئیں گے یا نہیں،لندن کے ڈاکٹرکا اہم بیان سامنے آگیا

0

اسلام آباد: علاج کیلئے اجازت لے کر لندن جانے والے ن لیگ کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی طرف سے طلبی کے باوجود وطن واپسی سے انکار کردیا ہے،ہائیکورٹ کی دی گئی مہلت جمعرات کو ختم ہورہی ہے،تاہم  نوازشریف نے کہا ہے کہ  ڈاکٹروں نے انہیں سفر کیلئے فٹ قرار نہیں دیا۔

تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے قائد  نوازشریف کو  اسلام آباد ہائیکورٹ نےالعزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سرینڈر کرنے کی  ہدایت کی تھی اور عدالتی مہلت  جمعرات کو ختم ہورہی ہے،تاہم نوازشریف نے وطن واپسی سے انکار کردیا ہے، انہوں نے ہائی کورٹ کے سامنے سرنڈر کرنے کے احکامات پر عمل درآمد روکنے کے لیے درخواست دائر کردی ہے۔

خواجہ حارث کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ  نوازشریف کی  طبی حالت ایسی نہیں کہ وہ عدالت کے سامنے پیش ہو سکیں لہذا سرنڈر کرنے کے حکم پر عدالت نظرثانی کرے،عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نواز شریف کی عدم موجودگی میں ان کے نمائندہ وکیل کو پیش ہونے کی اجازت دی جائے.

درخواست میں نواز شریف کی 4 ستمبر کی میڈیکل رپورٹ منسلک کی گئی ہے، جو ان کے  ذاتی  معالج ڈاکٹر لارنس   کی تیار کردہ ہے ، اس رپورٹ کے مطابق نواز شریف ہائیپر ٹینشن اور امراض قلب سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں، میڈیکل رپورٹ میں نواز شریف کو دی جانے والی ادویات کا بھی ذکر کیا گیا ہے ۔

دوسری طرف  معاون خصوصی شہباز گل نے نوازشریف کی جانب  سے وطن واپسی سے انکار  پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ کے قائد الطاف حسین کے نقش قدم پر چل رہے ہیں،الطاف حسین بھی علاج کے بہانے لندن بھاگ گئے تھے اس کے بعد کبھی واپس نہیں آئے۔

سماعت مقرر

دوسری جانب العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی درخواستیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہیں،نیب کی العزیزیہ ریفرنس اور نوازشریف کی ایون فیلڈریفرنس میں اپیل بھی جمعرات کو سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے،اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس عامرفاروق اور جسٹس محسن کیانی پر مشتمل بینچ درخواستوں پر سماعت کرے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.