لندن:ایم کیوایم لندن کےسربراہ الطاف حسین کیلئےایک اورمشکل کھڑی ہوگئی، لندن میں موجود گھر بھی خطرے میں پڑگیا،جائیدادوں کی ملکیت پرجاری لڑائی میں ایم کیوایم پاکستان بھی شامل ہوگئی،ایم کیوایم کے رہنما اور وفاقی وزیرامین الحق نے لندن میں 10 ملین پاؤنڈز سے زائد مالیت کی 7 جائیدادوں پر دعویٰ دائر کردیا ہے۔
لندن ہائی کورٹ میں دائر کئے گئے دعویٰ میں بانی متحدہ الطاف حسین، بھائی اقبال حسین کے علاوہ طارق میر، محمدانور، افتخارحسین، قاسم رضا اور یوروپراپرٹی ڈویلپمنٹ کو فریق بنایا گیا ہے، جن 7 جائیدادوں کی ملکیت مانگی گئی ہے، ان میں الطاف حسین کی رہائش گاہ بھی شامل ہے،ان سب کی کل مالیت 10 ملین پاؤنڈز ہے۔
درخواست میں ایم کیو ایم پاکستان کے وکلا کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ برطانوی ٹرسٹ قوانین کے تحت ایم کیوایم پاکستان ہی ان جائیدادوں کی قانونی طور پر حق دار ہے، درخواست میں جائیداد کی فروخت اور ان کے کرایہ وغیرہ کی رقم پر حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔