میلان: اٹلی کے سابق وزیراعظم اور یورپی پارلیمنٹ کے رکن برلسکونی 83 برس کی عمر میں کرونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے، ان کی کرونا ٹیسٹ رپورٹ منفی آگئی ہے جبکہ ڈاکٹروں نے بھی ان کی صحت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، جس کے بعد انہیں اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق اطالوی وزیراعظم برلسکونی 11 روز بعد کرونا جیسی وبا کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے، اور صحت بہتر ہونے اور ٹیسٹ منفی آنے پر انہیں اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے، برلسکونی کو طبیعت بگڑنے پر 3 ستمبر کو میلان کے سین رافیل اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، اس وقت ان کے ذاتی معالج نے بتایا تھا کہ برلسکونی کے جگر میں انفیکشن ہوا ہے۔
صحتیابی کے بعد گفتگو
برلسکونی نے اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا بہت مشکل بیماری ہے، اس وبا کا شکار ہونے کے بعد میں نے جو دن کاٹے، یہ میری زندگی کے مشکل ترین دن تھے، لیکن میں ڈاکٹروں کا شکر گزار ہوں، جن کی بدولت مجھے دوبارہ صحت ملی ہے، اطالوی میڈیا کے مطابق سابق وزیراعظم گفتگو کے بعد بغیر کسی سہارے کے آہستہ آہستہ چلتے ہوئے گئے۔
واضح رہے کہ برلسکونی کے دو بچے 36 سالہ بیٹی باربرا اور 31 سالہ بیٹے لیوگی بھی کرونا سے متاثر ہوئے ہیں۔