اپنے ہی ہم وطن سے حسد نے 5 پاکستانیوں کو جیل پہنچادیا

0

دبئی:حسد بہت بری چیزہے، اللہ رب العزت نےہرانسان کے حصے کا رزق لکھ دیا ہے، اور وہ اسے ہرحال میں ملتا ہے، لیکن کچھ لوگ اپنے شعبے میں دوسروں کی آمد  پر حسد کرتے ہیں، اورپھریہ حسد انہیں اندر ہی اندر جلادیتا ہے،ان سے کوئی ایسا کام سرزد ہوجاتاہے، جس کا خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے۔

ایسا ہی کچھ دبئی میں مقیم 5 پاکستانیوں کے ساتھ ہوا ہے، جنہیں حسد کی آگ  جیل تک لے گئی، دبئی کے علاقے جمیرہ میں یہ 5 پاکستانی لوگوں کے باغیچوں میں کام کرتے تھے، وہاں ایک اور پاکستانی ورکر نے بھی جانا شروع کردیا، جسے پہلے سےعلاقے میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے برداشت نہ کیا، تو پہلے اسے ڈرا دھمکا کر باز رکھنے کی کوشش کی، لیکن جب وہ خوفزدہ نہ ہوا، تو ایک دن سائیکل پر جاتے ہوئے پہلے اسے ٹکر مار کر گرایا، اور پھر اس پر تشدد کیا، اس کی جیب سے 1700 درہم اور موبائل فون بھی چھین لیا۔

دھمکی دی کہ اگر اس نے علاقے میں دوبارہ کام کیلئے آنے کی کوشش کی تو اس سے زیادہ برا حشر کریں گے، مذکورہ پاکستانی کو اپنے ان ظالم ہم وطنوں سے جان بچانے کے لئے قریبی ریستوران میں جاکر چھپنا پڑا، بعدازاں اس نے پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی۔ پولیس نے علاقے میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ سے چیک کیا، تو اس میں  صاف نظر آگیا کہ 5 پاکستانی پہلے سائیکل سوار ہم وطن کو ٹکر مار کر گراتے ہیں اور پھر اس پر تشدد کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

دبئی پولیس نے فوٹیج دیکھنے کے بعد ان پانچوں پاکستانیوں کے خلاف حملہ و تشدد کرنے، اور رہزنی کا مقدمہ درج کرلیا اور انہیں چارج شیٹ کرکے  کیس عدالت  میں پیش کردیا ہے، جہاں انہیں اب سزا ہونے کا قوی امکان ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.