موت کے منہ سے بچ کر تارکین وطن برطانیہ پہنچ گئے

0

لندن: فرانس سے چھوٹی کشتیوں میں بیٹھ کر انگلش چینل کے ذریعہ برطانیہ پہنچنے کی کوششیں تارکین وطن کی طرف سے جاری ہیں اور برطانوی حکومت کی سختی کے باوجود مزید تارکین وطن  فرانس کے ساحلوں سے برطانیہ کا رخ کررہے ہیں،گزشتہ روز 20 تارکین وطن کشتی کے ذریعہ برطانیہ پہنچنے کی کوشش کررہے تھے۔

ان کی کشتی دونوں ملکوں کی سمندری حدود کے عین درمیان جواب دے گئی، اور زیادہ بوجھ ہونے کی وجہ سے ہچکولے کھانے لگی،قریب تھا کہ کشتی اپنےسواروں سمیت انگلش چینل میں ڈوب جاتی، لیکن اس اثنا میں فشنگ ٹرپ پر گئے ہوئے برطانوی شہریوں نے انہیں دیکھ لیا،جس کے بعد برطانوی بارڈر فورس کو اطلاع دی گئی۔

بعدازاں برطانوی بارڈر فورس کے جہاز نے وہاں پہنچ کر ان تارکین وطن کی زندگیاں بچالیں اور انہیں برطانوی ساحل پر ڈوور پر پہنچادیا، اس سے قبل کچھ عینی شاہدین نے مزید 10 تارکین وطن ڈوور کے ساحل پر پہنچنے کی اطلاع دی تھی،انہوں نے بتایا کہ 10 سے زائد افراد کو انہوں نے برطانوی ساحل پر اترتے اور پھر تیزی سے بھاگتے دیکھا ہے۔

برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ ہوا کی رفتار کم ہونے سے انگلش چینل کا پانی پرسکون ہے، اور غیر قانونی تارکین وطن اس  سےفائدہ اٹھا کر برطانیہ داخلے کی کوشش کررہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.