اٹلی سے جانے کی کوشش میں تارکین وطن کے گروپ کو حادثہ

0

روم: اٹلی سے فرانس جانے کی کوشش میں تارکین وطن حادثہ کا شکار ہوگئے، حادثہ ریلوے ٹریک پر پیش آیا، جو جانیں بھی لے گیا، اٹلی اور فرانس کی سرحد پر سختی کے بعد تارکین وطن غیر روایتی راستے استعمال کررہے ہیں، جن سے حادثات میں اضافہ ہورہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی سے 10 تارکین وطن کا گروپ فرانس جانا چاہتا تھا، سرحدوں پر سختی کی وجہ سے تارکین کا یہ گروپ دونوں ملکوں کے درمیان ریلوے لائن پر چلتے ہوئے فرانس جانے کی کوشش کررہا تھا۔ رات کے اندھیرے میں وہ  تیزرفتار ٹرین کو نہ دیکھ پائے، اور جب انہیں پتہ چلا تو بہت دیر ہوچکی تھی، ان میں سے 8 تارکین تو چھلانگیں لگا کر لائن سے دور جانے میں کامیاب ہوگئے، تاہم دو بدقسمت نوجوان تارکین وطن ٹرین کی زد میں آگئے، اور اپنی جانیں گنوا بیٹھے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ایک غیر ملکی کا بھائی بھی اس گروپ میں شامل تھا، اور اپنے بھائی کی لاش دیکھ کر اس کی حالت خراب ہوگئی، جس پر اسے اسپتال منتقل کردیا گیا، اور طبی امداد دی گئی۔ ان تارکین کا تعلق مشرق وسطیٰ سے بتایا جاتا ہے، اور ان میں کرد اور ایرانی  شامل ہیں، ان میں سے کسی کو اطالوی  زبان بھی نہیں آتی تھی، وہ علاقے سے بھی ناواقف تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.