ترکی نے ویزا فری انٹری کا اعلان کردیا

0

انقرہ: ترکی نے اپنے ایک دوست اسلامی ملک کے شہریوں کے  لئے  ویزا فری انٹری کا اعلان کردیا ہے، اب وہ شناختی کارڈ دکھا کر ترکی کا سفر کر سکیں گے، دوسری طرف دوست ملک ترکی سے پاکستانی شہریوں نے بھی ویزا  فری انٹری کی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگورنو کاراباخ کی جنگ میں کھل کر آذربائیجان کا ساتھ دینے کے بعد ترکی نے آذری شہریوں کے لئے اب  نئی سہولت کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت آذربائیجان کے شہری پاسپورٹ کے بغیر ترکی آسکیں گے، صدر رجب طیب اردوان نے آذربائیجان کے شہریوں کو قومی شناختی کارڈ پر ترکی آنے کی اجازت دینے کے قانون کی منظوری دے دی ہے۔

دوسری طرف ترک خبررساں ادارے کی طرف سے یہ خبر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شئیر کی گئی تو اس پر بڑی تعداد میں پاکستانی شہریوں نے بھی ردعمل دیا، اور ترک حکومت سے مطالبہ کیا کہ آذربائیجان کی طرح پاکستانی شہریوں کے لئے بھی ویزا فری انٹری کی سہولت کا اعلان کیا جائے، بعض شہریوں نے لکھا کہ اگر تمام پاکستانیوں کے لئے ویزا فری انٹری  ممکن نہ بھی ہو تو تب بھی تعلیم یا کچھ مالی ضروریات کی شرائط کے ساتھ پاکستانیوں کو ترکی یہ سہولت فراہم کرسکتا ہے، ایسی سہولت فراہم کرنے سے دونوں برادر ملکوں کے درمیان عوامی سطح پر رابطے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ ترک تاریخی سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ پاکستان میں نشر کئے جانے کے بعد پہلے ہی  پاکستانیوں کی بڑی تعداد سیاحت کے لئے ترکی کا رخ کر رہی ہے، جس میں کرونا بحران کی وجہ سے رکاوٹ آئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.