برطانیہ نے سابقہ نوآبادی کیلئے دروازے کھول دئیے، پاکستانی بھی فائدہ اٹھائیں گے

0

لندن: برطانیہ نے اپنی سابقہ نوآبادی کے شہریوں کے لئے شہریت کے دروازے کھول دئیے ہیں، ہزاروں پاکستانی بھی اس اسکیم سے فائدہ اٹھا کر برطانوی شہریت حاصل کرسکیں گے، نئی اسکیم کا آغاز فوری طور پر شروع کردیا گیا ہے، برطانوی حکومت نے یہ فیصلہ چین کے ساتھ جاری حالیہ کشیدگی کے باعث کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہانگ کانگ میں چین کے خلاف جاری احتجاج کے بعد سے برطانیہ اور چین میں  کشیدگی پائی جاتی ہے، تاہم چینی حکومت کی طرف سے ہانگ کانگ میں نیا سیکورٹی قانون نافذ کرنے اور برطانیہ کی جانب سے اپنی سابقہ نوآبادی کے شہریوں کو جاری برٹش نیشنل اوورسیز پاسپورٹ (بی این او) کو سفری دستاویز تسلیم نہ کرنے کے اعلان سے یہ کشیدگی عروج پر پہنچ گئی ہے، اب چینی اعلان کا جواب دیتے ہوئے برطانیہ نے ہانگ کانگ میں چینی حکومت کی کارروائیوں سے فرار کے خواہشمندوں کے لئے اپنے دروازے کھول دئیے ہیں۔ ہانگ کانگ کے شہری جو برٹش نیشنل اوورسیز پاسپورٹ (بی این او) رکھتے ہیں، وہ اور ان کے اہلخانہ آن لائن برطانوی ویزے کے لئے اپلائی کرسکتے ہیں، اور انہیں برطانیہ میں قیام اور ملازمت کی اجازت دے دی جائے گی، 5 برس کے بعد وہ برطانوی  شہری بن جائیں گے۔

برطانیہ کا کہنا ہے کہ 1997 میں ہانگ کانگ کی حوالگی کے وقت کئے گئے معاہدہ کی چین نے خلاف ورزی کی ہے، لہذا وہ ہانگ کانگ کے شہریوں کے ساتھ کیا گیا اپنا وعدہ پورا کرنے کے لئے انہیں برطانیہ میں سیٹل ہونے کی پیشکش کررہا ہے، برطانیہ کو خدشہ ہے کہ چین ہانگ کانگ کے شہریوں کے برطانیہ سفر پر پابندی جیسا انتہائی اقدام بھی اٹھا سکتا ہے۔

برطانوی حکام پر امید ہیں کہ  اگلے 5 برسوں میں سوا تین لاکھ سے زائد ہانگ کانگ کے شہری برطانیہ کا رخ کریں گے، جس سے برطانیہ کو بھی 3 ارب پاؤنڈ کا فائدہ ہوگا، اس سے پہلے برطانوی حکام نے بتایا تھا کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران 7 ہزار سے زائد ہانگ کانگ کے شہری  برطانیہ منتقل ہوچکے ہیں۔

بی این او کیا ہے؟

بی این او برطانیہ کی جانب سے ہانگ کانگ کے شہریوں کو جاری کی گئی سفری دستاویز ہے، یہ ان تمام شہریوں کو جاری کی گئی تھی جو 1997 میں چین کو حوالے کرنے تک ہانگ کانگ  کے شہری تھے، ہانگ کانگ کے پاکستانی نژاد شہری بھی یہ دستاویز رکھتے ہیں، اور اب نئے اعلان کے بعد ان کے لئے برطانیہ منتقلی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ ہانگ کانگ کا انتظام 1997ء میں برطانیہ نے چین کے حوالے کر دیا تھا، ہانگ کانگ کی آبادی 54 لاکھ ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.