اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، اہم منصوبہ تیاری کے مرحلے پر آگیا

0

اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، حکومت نے گوجرانوالہ اور راولپنڈی ڈویژن کے ان علاقوں کو موٹروے جیسا منصوبہ دینے کی تیاری مکمل کرلی، جہاں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد یورپ اور خلیجی ممالک میں مقیم ہے، موٹروے بننے سے ان علاقوں سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو ائرپورٹ آنے جانے کی سہولت حاصل ہوجائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد حکومت نے اسی ہفتے راولپنڈی اور گوجرانوالہ ڈویژن کے ان علاقوں کیلئے موٹروے بنانے کا ٹینڈر جانے کرنے کی تیاری مکمل کرلی ہے، جو اوورسیز پاکستانیوں کی وجہ سے اہمیت رکھتے ہیں، ماضی میں موٹرویز کیلئے اس اہم علاقے کو نظر انداز کیا گیا، تاہم اب موجودہ حکومت نے سیالکوٹ سے راولپنڈی تک موٹروے بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جسے سیالکوٹ موٹروے کے ذریعہ لاہور سے بھی جوڑ دیا جائے گا، یوں گجرات، وزیرآباد، لالہ موسیٰ، کھاریاں، سرائے عالمگیر، جہلم، دینہ، میرپور، سوہاوہ اور گوجرخان کے عوام کو بھی جدید اور تیز رفتار سہولیات حاصل ہوجائیں گی، اور یہاں سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو تینوں ائرپورٹس لاہور، اسلام آباد اور سیالکوٹ جانے اور آنے کے لئے موٹروے  کی سہولت حاصل ہوگی۔

اس منصوبے کی تجویز سب سے پہلے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دی تھی، اور وزیراعظم عمران خان نے اس  تجویز کی منظوری دیتے ہوئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ہدایت جاری کی، پہلے مرحلے میں اسی ہفتے سیالکوٹ سے کھاریاں تک موٹروے کے ٹینڈر جاری کئے جارہے ہیں، دوسرے مرحلے میں کھاریاں سے راولپنڈی تک موٹروے کے ٹینڈر جاری کئے جائیں گے، یہ موٹروے تین لین کی ہوگی۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے  منصوبے کی ٹینڈرنگ  شروع ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ موٹروے بننے کے بعد جہلم سے راولپنڈی کا سفر 45 منٹ کا رہ جائے گا، گوجر خان، سوہاوہ اور دینہ اسلام آباد کے نواحی علاقے بن جائیں گے، چکوال، جہلم، کھاریاں، لالہ موسی وزیر آباد کی معاشی اہمیت میں بے پناہ اضافہ ہوگا، انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ وزیر آباد، راولپنڈی موٹر وے شمالی پنجاب کیلئے گیم چینچر منصوبے ہیں، میری تجویز کو پذیرائی دینے پر وزیراعظم کا شکریہ۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.