قومی ویمن کرکٹر اور والدہ کی ایک ساتھ ایشیا کپ میں پاکستان کی نمائندگی

0

سلہٹ: قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر کائنات امتیاز اور ان کی والدہ سلیمہ امتیاز نے بنگلہ دیش میں ہونے والے ویمنز ایشیا کپ 2022 میں ایک ساتھ پاکستان کی نمائندگی کر کے پورے ملک کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، کائنات ایشیا کپ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کر رہی ہے جبکہ سلیمہ ایشیا کپ میں بطور امپائر اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔

قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر کائنات امتیاز کی والدہ نے ایشیا کپ میں ہفتے کے روز بھارت اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے میچ میں بطور امپائر خدمات سرانجام دیں، کائنات اپنی والدہ سلیمہ امتیاز کے ہمراہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں ایک ساتھ پاکستان کی نمائندگی کرنے پر  بے حد خوش ہیں۔ قومی کرکٹر نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بین الاقوامی سطح پر امپائرنگ میں ڈیبیو کرنے والی اپنی والدہ کے لیے اعزازی پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا ‘میری والدہ ویمنز ایشیا کپ 2022 میں بطور امپائر فرائض سرانجام دیں گی، انہوں نے جو کچھ حاصل کیا، مجھے بے حد فخر ہے اور یہ لمحہ قابلِ فخر ہے’۔

قومی آل راؤنڈر نے اپنی پوسٹ میں لکھا ‘ہمیشہ سے میری والدہ کا خواب تھا کہ وہ پاکستان کی نمائندگی کریں، آج تک میں ان کے خواب کی تعبیر تھی لیکن اب بہت انتظار کے بعد یہ خود پاکستان کی نمائندگی کرنے جا رہی ہیں’۔ کائنات نے اس موقع پر اپنے والد کو بھی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہر قدم پر ہمارا ساتھ دیا۔ ہماری حوصلہ افزائی کی، قومی کرکٹر نے اپنے بھائی اور شوہر کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمیشہ ان کا ساتھ دیا، اور مزید کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ ان کی زندگی میں ایسے لوگ ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.