ترکی میں غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کے خلاف آپریشن میں ہزاروں گرفتار

0

انقرہ: ترکیہ یعنی سابقہ ترکی میں حکام نے ملک میں غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے خلاف آپریشن تیز کردیا ہے، جس کے دوران انسانی اسمگلرز بھی گرفتار کئے جارہے ہیں، جو غیرملکیوں کو ترکیہ سے آگے یورپی ممالک اسمگل کرنے کے دھندے میں ملوث ہیں، دوسری طرف یونانی حکام نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کے خلاف آپریشن کیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ترکیہ میں 14 مئی کو الیکشن ہونے والے ہیں، انتخابات سے قبل ملک میں غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کے خلاف حکومت نے بڑا آپریشن شروع کر رکھا ہے، ترکیہ اس وقت مشکل معاشی صورت حال کا شکار ہے، اور ترک شہریوں کی طرف سے ملک میں غیرقانونی تارکین وطن کی بڑھتی تعداد کے خلاف ردعمل کا اظہار بھی سامنے آرہا تھا، جس کے بعد ترکیہ کی حکومت نے غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کیخلاف کارروائیاں تیز کی ہیں، ان میں بالخصوص افغان شہریوں کو گرفتار کرکے ڈیپورٹ کیا جارہا ہے، ترک اخبار ’’حریت‘‘ کے مطابق تازہ چھاپوں میں 1353 غیرقانونی تارکین کو ملک بھر سے گرفتار کیا گیا ہے، اس کے علاوہ 4 غیرملکیوں سمیت 37 انسانی اسمگلرز بھی پکڑے گئے ہیں، یہ آپریشن ترک وزارت داخلہ کی نگرانی میں کئے گئے،جس کے دوران ترکیہ کے مختلف علاقوں میں 20 ہزار مقامات کی تلاشی لی گئی، ان میں بندرگاہیں، ماہی گیروں کے ٹھکانے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے اڈے بھی شامل ہیں۔

اس دوران حکومت نے مارچ کے آخری ہفتے میں مارے گئے چھاپوں کے اعداد وشمار بھی جاری کئے ہیں، جن کے مطابق 2600 غیرقانونی تارکین گرفتار کئے گئے ، جبکہ 1700 کو ڈیپورٹ بھی کردیا گیا، اس سال کے پہلے تین ماہ کے دوران 26 ہزار سے زائد غیرقانونی تارکین کو ڈیپورٹ کیا جاچکا ہے۔

دوسری جانب یونان میں حکام نے 40 سے زائد انسانی اسمگلرز کو گرفتار کرلیا ہے، حکام کے مطابق یہ ایجنٹ 2500 سے زائد تارکین کو جعلی کاغذات پر یونان لانے یا یہاں سے آگے بھیجنے میں ملوث ہیں، حکام کو ابھی مزید 55 ایجنٹوں کی تلاش ہے، جن کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں، یہ چھاپے دارالحکومت ایتھنز اور تھیسلونکی میں مارے گئے ہیں، جن کےدوران جعلی سفری دستاویز تیار کرنے والی 5 لیبارٹریاں بھی پکڑی گئیں، ان گروپوں نے 12 فلیٹ بھی کرائے پر لے رکھے تھے، جہاں یہ غیرملکیوں کو رکھتے تھے، اور پھر انہیں جعلی کاغذات کے ذریعہ د وسرے یورپی ملکوں میں روانہ کیا جاتا تھا، حکام نے 80 تارکین وطن کو بھی گرفتار کیا ہے، جنہیں ان ایجنٹوں نے آگے بھیجنے کے لئے رکھا ہوا تھا، ان تارکین کو واپس ان کے ملکوں میں ڈیپورٹ کردیا گیا ہے، پولیس کے مطابق ایک تارک وطن سے 10 ہزار یورو تک لئے جاتے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.