لندن کی حکمرانی دوسری بار بھی پاکستانی نژاد صادق خان کو مل گئی

0

لندن: پاکستانی نژاد صادق خان دوسری بار بھی لندن کی مئیرشپ کی انتخابی دوڑ جیتنے میں کامیاب ہوگئے، ان کی کامیابی سے مسلسل انتخابی ناکامیوں کا شکار اپوزیشن لیبر پارٹی کو بھی اخلاقی سہارا ملا ہے، صادق خان نے حکمران جماعت کنزرویٹو کے شون بیلی کو شکست دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد صادق خان مسلسل دوسری بار لندن کے مئیر منتخب ہوگئے، لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے صادق خان نے حکمران  ٹوری کے شون بیلی کو ایسے موقع پر شکست دی ہے، جب لیبر پارٹی مسلسل ضمنی الیکشن ہار رہی ہے، اور سیاسی طور پر دباؤ کا شکار ہے، صادق خان کو 12 لاکھ 6 ہزار 34 ووٹ ملے جبکہ ان کے قریبی حریف شون بیلی 9 لاکھ 77 ہزار601 لے سکے، دوسرے ترجیحی ووٹ کے ساتھ صادق خان کو مجموعی طور پر 55 فیصد ملے، جو ان کی پہلی ٹرم سے دو فیصد کم ہیں، حیرت انگیز طور پر گرین پارٹی کو لندن میں اس بار زیادہ ووٹ ملے ہیں، اور گرین پارٹی کی امیدوار سیان بیری تیسرے نمبر پر رہی ہیں، باقی امیدواروں کی ضمانت ہی ضبط  ہوگئی، لبرل ڈیموکریٹ امیدوار لوسا پورٹ کی چوتھی پوزیشن رہی۔

صادق خان نے انتخابی مہم کے دوران منی لانڈرنگ کے خلاف مہم چلانے کا وعدہ کیا تھا، اور اب ساری نظریں ان پر اس حوالے سے مرکوز ہیں کہ وہ برطانوی دارالحکومت میں اس حوالے سے کیا اقدامات اور مہم  چلاتے ہیں، منتخب ہونے کے بعد اپنے خطاب میں صادق خان نے کہا کہ وہ لندن میں رہنے والی مختلف کمیونٹیوں کے درمیان فاصلے کم کرنے کے لئے کام کریں گے، اسی طرح لندن اور ملک کے باقی حصوں کے درمیان بھی پل کا کردار ادا کرنا ان کی خواہش ہے، انہوں نے کہا کہ وبا کے بعد مل کر کام کرنے کی ضرورت پہلے سے بڑھ گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.