بیرون ملک اور گھر بیٹھے بینک کیلئے بائیو میٹرک تصدیق کرائی جاسکے گی، نئی سہولت متعارف

0

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک اور کمال دکھایا ہے، اب بینک اکاؤنٹ کھلوانے یا اس کی تجدید سمیت کسی بھی خدمت کے حصول کے لئے اگر بائیو میٹرک کی ضرورت پڑے گی، تو آپ کو بینک جانے کی ضرورت نہیں۔

بلکہ گھر بیٹھے یا اپنے آفس سمیت کہیں سے بھی اپنے فون پر بینک کی بائیو میٹرک شرط پوری کرسکیں گے، اوورسیز پاکستانیوں کو بھی اس سے بھرپور فائدہ ہوگا، اور وہ بیرون ملک بیٹھ کر بھی بینکوں کی بائیو میٹرک ضروریات پوری کرسکیں گے، تفصیلات کے مطابق آن لائن شناختی کارڈ بنوانے کی سہولت متعارف کرانے کے بعد نادرا نے اسٹیٹ بینک کے تعاون سے بینکوں کے لئے بھی ’’کنٹیکٹ لیس بائیومیٹرک تصدیق‘‘ کی سہولت متعارف کرا دی ہے۔ اس نئی ٹیکنالوجی کے ذریعہ بینک صارفین موبائل فون کیمرے کے ذریعے گھر بیٹھے انگلیوں کے نشانات کی شرط پوری کرسکیں گے ، اور انہیں بینک جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی ، اس سہولت کےاجراء کے موقع پر اسلام آباد میں نادرا ہیڈکوارٹر میں تقریب ہوئی ، جس میں گورنر اسٹیٹ بینک باقر رضا نے خصوصی شرکت کی، اس موقع پر چیئر مین نادرا طارق ملک نے کہا کہ ’’کنٹیکٹ لیس بائیو میٹرک تصدیق‘‘ نہ صرف پاکستان میں بینکاری خدمات کے شعبے میں انقلاب برپا کردے گی بلکہ حکومت کی طرف سے جاری مالی شمولیت کی مہم میں بھی بھرپور طریقے سے مددگار ثابت ہوگی، یہ سہولت وزیراعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان پر مبنی ماحول قائم کرنے کی ایک کاوش ہے۔

اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا کہ کنٹیکٹ لیس بائیو میٹرک تصدیق پر مبنی سہولت شروع میں آزمائشی بنیادوں پرا سٹیٹ بینک کے نامزد کیے ہوئے پانچ بینکوں اور مکمل لائسنس شدہ ای ایم آئی کمپنیوں کو فراہم کی جا رہی ہے جس کے بعد یہ اسٹیٹ بینک میں رجسٹرڈ تمام بینکوں اور مالیاتی اداروں کو فراہم کر دی جائے گی۔ اس سہولت کے ذریعہ بینک کسی صارف کی موجودگی کے بغیر اس کی شناخت اور دیگر ضروری معلومات کے حصول کی کارروائی فوری طور پر مکمل کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اوورسیز سمیت تمام پاکستانی گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنواسکیں گے، نئی ایپ متعارف

یاد رہے کہ نادرا نے آن لائن شناختی کارڈ بنوانے کے لیے بھی آن لائن پاک آئی ڈی سروسز کا اجرا پہلے ہی کر چکا ہے، جس میں موبائل فون کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق کرائی جا سکتی ہے، موبائل فون کے ذریعے فنگر پرنٹ  لینے کی ٹیکنالوجی متعارف کروانے والا پاکستان پہلا ملک بن گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.