کابل سے اٹلی لایا گیا افغان نوجوان دھندے میں ملوث نکلا، ساتھی خاتون نے پکڑوادیا

0

روم: افغانستان میں اشرف غنی کی حکومت گرنے کے بعد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اٹلی لایا گیا افغان تارک وطن غیر قانونی دھندہ کرتا ہوا پکڑا گیا ہے، ریسیپشن سینٹر میں ہی غیرقانونی امیگریشن کا دھندہ چلانا شروع کردیا تھا، کارا بیری پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان میں بدلتے ہوئے حالات کے بعد اٹلی نے انسانی بنیادوں پر وہاں سے ہزاروں شہریوں کو نکال کر اپنے ملک میں پناہ دی تھی، اور یہ افغان تارکین وطن مختلف ریسیپشن سینٹرز میں مقیم ہیں، اطالوی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق BENEVENTO میں Paupisi کے علاقے میں قائم ریسیپشن سینٹر میں قیام پذیر ایک 24 سالہ افغان تارک وطن نے وہاں غیر قانونی امیگریشن کا دھندہ شروع کردیا تھا، اس نے سینٹر میں ہی مقیم ایک ہم وطن 24 سالہ افغان خاتون کو آسٹریلیا اس کے بھائی کے پاس پہنچانے کے لئے اس سے رقم پکڑ لی تھی، جبکہ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ اس نوجوان افغان خاتون کو کابل سے اٹلی پہنچانے میں بھی اس کا کردار تھا، اور اس کے لئے بھی اس نے اس خاتون سے 2 ہزار یورو لئے تھے۔

یہ خاتون کابل سے ہی اس ہم وطن نوجوان سے رابطے میں تھی، اور اسے اپنے بھائی کے پاس آسٹریلیا پہنچانے کے لئے رقم دی تھی، تاہم یہ نوجوان افغان ایجنٹ اسے کسی طرح اپنے ساتھ اٹلی آنے والے طیارے میں لے آیا، اور اب کیمپ میں اس کے ساتھ تھا اور اس سے مزید 5 ہزار یورو کا مطالبہ کرکے تنگ کررہا تھا، جس پر اس نے ریسیپشن سینٹر کے عملے کو بتادیا، کارابیری پولیس نے تحقیقات کے بعد کابل سے لائے گئے اس افغان کو اب غیرقانونی امیگریشن میں مدد دینے پر گرفتار کرلیا ہے، اس کے قبضے سے خاتون سے لی گئی رقم بھی برآمد ہوئی ہے، ملزم کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.