سرائے عالمگیر میٹرو سٹی کے 3 عہدیدار گرفتار، دفاتر اجڑ گئے، کس سیاسی خاندان پر الزام؟

0

سرائے عالمگیر: ضلع گجرات کی تحصیل سرائے عالمگیر میں واقع ملک ریاض کے عزیز کی ہاؤسنگ سوسائٹی کے عہدیداروں کی جانب سے فائرنگ کے واقعہ کے بعد پولیس نے ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ 4 دیگر ملزمان نے لاہور ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت کرالی ہے، واقعہ کے بعد ہاؤسنگ سوسائٹی کے دفاتر اجڑے ہوئے ہیں۔

اور علاقہ میں اس کیخلاف ردعمل پایا جاتا ہے، اس معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سرائے عالمگیر میں بحریہ ٹاؤن کے ملک ریاض کے عزیز کی میٹرو ہاؤسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر جلیل بخاری نے اتوار کے روز مسلح گارڈز کے ساتھ چوآہ کریالہ میں زمین پر قبضے کی کوشش کی تھی، اور مزاحمت پر گاؤں کے لوگوں پر فائرنگ کرادی تھی، اس واقعہ میں ملوث 10 سے زائد ملزمان کیخلاف قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت سرائے عالمگیر سٹی تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، ان میں سے 4 ملزمان میٹرو سٹی کے ڈائریکٹر جلیل بخاری، سیکورٹی منیجر عبدالرحمن، عمران جٹ اور فرقان علی نے لاہور ہائیکورٹ سے 8 اکتوبر تک کی عبوری ضمانت کرالی ہے، جسٹس محمد طارق ندیم نے ان کی عبوری ضمانت  منظور کی، دوسری طرف پولیس نے 3 ملزمان وقار، دانیال اور یاسر کو گرفتار کرلیا ہے، واقعہ کے بعد سرائے عالمگیر میں کشیدگی کی فضا برقرار ہے، ہاؤسنگ سوسائٹی کو واقعہ کے روز مشتعل افراد نے جلادیا تھا، جس سے اس کا ریکارڈ بھی جل گیا ہے، سوسائٹی کے جلے ہوئے دفاتر میں ویرانی کا منظر ہے، جس سے سوسائٹی میں پلاٹ بک کرانے والے بھی پریشانی اور غیر یقینی  مستقبل کا شکار ہیں۔

سوسائٹی کی فائلوں کا لین دین بھی تقریباً بند ہوگیا ہے، اور اس کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ جماعت اسلامی گجرات نے بھی اس واقعہ پر احتجاج اور ضلع کی سطح پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کیا ہے، جماعت اسلامی کے نائب امیر برائے شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم اور گجرات کے امیر انصر دھول ایڈوکیٹ جو گجرات بار کے صدر بھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سرائے عالمگیر میں ہاؤسنگ سوسائٹی نے عوام پر فائرنگ کرادی، علاقے میں اشتعال، دفتر نذر آتش

چوہدری برادران پر سرپرستی کا اشارہ

انہوں نے چوہدری برادران کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع میں خراب صورتحال کے ذمہ دار حکومت کے اتحادی ہیں، انہوں نے کہا کہ گجرات میں زمینوں پر قبضوں اور امن و امان کی خراب صورت حال پر آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.