بجلی و گیس کے بلوں سے پریشان اطالوی عوام کیلئے اچھی خبر

0

روم: بجلی اور گیس بلوں سے پریشان اطالوی عوام کے لئے اچھی خبر ہے، حکومت نے انہیں ریلیف دینے کے لئے نئے بونس پر کام شروع کردیا ہے، اور اسی ہفتے معاملہ منظوری کےلئے کابینہ میں پیش کرنے کی تیاری کی جارہی ہے، منظوری سے اطالوی صارفین کو بلوں ریلیف ملے گا۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی طرح اٹلی میں بھی تیل ، بجلی اور گیس کی قیمتیں بلند ترین سطح پر ہیں ، اور اس کے نتیجے میں اطالوی حکومت کی 11 ارب ڈالر کی سبسڈی بھی کم پڑگئی ہے، پیٹرول کی قیمت تو دو یورو کے قریب پہنچ گئی ہے، اور اس وقت اطالوی پیٹرول پمپوں پر تیل ایک یورو 85 سینٹ تک میں فروخت ہورہا ہے، اس کے ساتھ بجلی اور گیس کے بل بھی کئی گنا بڑھ گئے ہیں، جس سے اطالوی عوام پریشان ہیں، ایسے میں اطالوی حکومت نے صارفین کو بجلی اور گیس بلوں پر مزید سبسڈی دینے کے لئے ڈگری پر کام کررہی ہے، جس کی مالیت 4 ارب یورو تک ہوسکتی ہے، نئے انرجی بونس میں کمپنیوں اور گھریلو صارفین دونوں پر بلوں کا بوجھ کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق اطالوی حکومت میں شامل مختلف جماعتوں کے رہنما وزیراعظم ماریو دراغی سے مطالبہ کررہے ہیں کہ بجلی و گیس بلوں پر عوام کو زیادہ ریلیف دیا جائے، تاہم وزیراعظم ایسی سبسڈی دینے کی مزاحمت کررہے ہیں، جس سے بجٹ خسارے میں اضافہ ہو ، ان کی کوشش ہے کہ انرجی بونس یا سبسڈی کو بجٹ گنجائش کے اندر رکھا جائے، حکومت کی جانب سے منظوری کے بعد بلوں پر یہ سبسڈی اپریل سے جون کی سہ ماہی میں دی جائے گی، اس سے پہلے لیگا پارٹی کے سربراہ ماتیو سالوینی 30 ارب یوروکی سبسڈی کا مطالبہ کرچکے ہیں، جبکہ منگل کو انہوں نے 5 ارب یورو کی بات کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.