ائیرپورٹس پر اوورسیز پاکستانیوں کو تنگ کرنے کی شکایات کا نوٹس

0

اسلام آباد: ملکی ہوائی اڈوں پر اوورسیز پاکستانیوں کو تنگ کرنے والے ایف آئی اے امیگریشن عملے کے خلاف وزیراعظم عمران خان کے سخت نوٹس کے بعد ایک اور اہم حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے، جس سے اوورسیز پاکستانیوں کو  تنگ  کرنے کے راستے بند ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق ائرپورٹس پر اوورسیز پاکستانیوں کو ایف آئی اے امیگریشن کی جانب سے تنگ کرنے کی شکایت وزیراعظم عمران خان کو موصول ہوئی تھیں، جس پر وزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کا حکم دیا تھا، جس کے بعد وزیرداخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد ائرپورٹ کے ڈائریکٹر امیگریشن سمیت کئی افسران کو عہدوں سے ہٹا دیا تھا، اب ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء نے ایک اور حکم نامہ جاری کیا ہے، جس میں تمام ہوائی اڈوں پر تعینات امیگریشن افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کو پریشان کرنے سے باز رہیں، ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ 22 جنوری کو جاری کئے گئے لیٹر نمبر FIA/DIR/IMMGN/MISC/256 میں تمام ہوائی اڈوں پر تعینات اسپیشل چیکنگ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام مسافروں کی دستاویز دوبارہ چیک نہیں کریں گے، بلکہ صرف ان مسافروں کی دستاویز دوسری بار چیک کی جاسکیں گی، جن پر شک کا مناسب جواز موجود ہو، اسی طرح مسافروں کی سہولت کے لئے حکم دیا گیا ہے، خواتین، بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کی دستاویز صرف ایک بار ہی چیک کی جائیں، اور اسپیشل چیکنگ افسران ان کے ویزے اور کاغذات دوبارہ چیک کرنے سے گریز کریں۔

 

 

لیٹر میں کہا گیا ہے کہ اسپشل چیکنگ افسران مجموعی مسافروں کے صرف 10 فیصد کے کاغذات دوبارہ چیک کرسکتے ہیں، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے واجد ضیا کی طرف سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام ہوائی اڈوں پر تعینات امیگریشن افسران اس لیٹر پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.