بحری امن مشق 2021 جاری، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کی شرکت

0

کراچی: کثیر الملکی بحری مشق امن-2021 ”امن کے لیے متحد“ نصب العین کے تحت جاری ہے، ہفتہ بھر جاری رہنے والی یہ مشق، شریک مختلف اقوام کو باہمی تبادلہ خیال اور میری ٹائم تعاون کے فروغ کا موقع فراہم کرتی ہے۔ مشق کی دیگر سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ پی این ایس قاسم منوڑہ کراچی میں ایک شاندار انٹرنیشنل بینڈ ڈسپلے اورانسدادِ میری ٹائم دہشت گردی کے آپریشن کا مظاہرہ کیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، جنرل ندیم رضا مہمانِ خصوصی رہے۔ انھوں نے کثیرالملکی بحری مشق امن 21 کے بطریقِ احسن انعقاد پر پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ امن مشق میں شریک ممالک کے بینڈز نے متاثر کن انٹرنیشنل بینڈز ڈسپلے پیش کیا جس کا مقصد مختلف اقوام کو ثقافت کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ قریب لانا ہے۔ سری لنکا کے ملٹری بینڈ، پاکستان کی تینوں افواج پر مشتمل بینڈ، سندھ رینجرزکے بینڈ اورکوسٹ گارڈ کے بینڈنے روایتی اور ملٹری دھنیں بجائیں۔ ان مسحورکن دھنوں کو حاضرین نے بہت پسند کیا۔ پاک میرین کی خصوصی رائفل ڈرل بھی اس سرگرمی کا حصہ تھی جس کے دوران ماہر انہ مہارتوں و صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

علاوہ ازیں پاک بحریہ کی اسپیشل آپریشنز فورسز کا انسدادِ ہشت گردی آپریشن طاقت اور خصوصی مہارتوں کا قابل رشک مظاہرہ کیا، جس کا مقصد میری ٹائم دہشت گردی کا مقابلہ، اسپیشل آپریٹنگ لائحہ عمل کو مزید بہتر بنانا، پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا تبادلہ اور مشق میں شریک اسپیشل آپریشن فورسز ٹیموں کے ساتھ مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیتوں میں اضافہ تھا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے شرکاء کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ بحری مشق امن 21 بحری دہشت گردی اور جرائم کے خلاف متحدہ عزم، مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیتوں میں اضافے ، استحکام اور علاقائی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔

مندوبین کی ایک کثیر تعداد، غیر ملکی سفرائ، مشق میں شریک بحری افواج کے آفیسرز و سیلرزاور پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ حکام نے انٹرنیشنل بینڈ ڈسپلے اور بحری دہشت گردی کے انسدادکے مظاہرے کو دیکھا۔ مزید برآں، امن مشق میں حصہ لینے والے ممالک کے آفیسرز و جوانوں اور پاک بحریہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلوں کے  مقابلے بھی منعقد ہوئے جن میں کرکٹ ، باسکٹ بال ، والی بال، شوٹنگ اور گالف کے مقابلے قابل ذکر ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.