اٹلی میں ماسک پہننے سے پریشان افراد کیلئے خوشخبری، حکومت نے نوید سنادی

0

روم: اٹلی میں ماسک سے تنگ آئے ہوئے لوگوں کے لئے خوش خبری ہے، حکومت نے کئی پابندیاں نرم کرنے کی تیاری کرلی ہے، روڈ میپ تیار کرلیا گیا ہے، اٹلی کی آدھی آبادی یعنی 3 کروڑ لوگوں کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگانے کے ہدف پر متعدد پابندیاں ختم کردی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں کرونا کی صورتحال میں تیزی سے بہتری کے بعد حکومت نے اہم پابندیاں نرم اور ختم کرنے کی تیاری کرلی ہے، جبکہ ماسک کے حوالے سے بھی اہم اعلان سامنے آگیا ہے، اطالوی انڈر سیکریٹری برائے صحت Pierpaolo Sileri نے خوش خبری سنائی ہے کہ حکومت ماسک پہننے کی پابندی ختم کرسکتی ہے، انہوں نے کہا کہ جب ہم اٹلی کی آدھی آبادی یعنی 3 کروڑ لوگوں کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگانے کا ہدف حاصل کرلیں، تو ہمیں کھلے مقامات پر ماسک کی پابندی ختم کردینی چاہئے، انہوں نے کہا کہ میں اس سے متفق ہوں، 3 کروڑ کی ویکسینیشن کا ہدف حاصل ہونے پر یہ بہتر ہوگا کہ لوگ ماسک کو اپنی جیب میں رکھیں، کھلی جگہ پر وہ بغیر ماسک گھومیں، اور اگر کہیں مجمع میں جانا پڑے تو جیب سے نکال کر ماسک لگالیں۔

یہ بھی پڑھیں: اطالوی جزیرہ کرونا فری قرار

واضح رہے کہ اٹلی میں 2 کروڑ 42 لاکھ سے زائدا فراد کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگ چکی ہے، جس کا مطلب ہے کہ مزید 58 لاکھ شہریوں کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگنے کے بعد اٹلی میں آئندہ دو تین ہفتوں میں ماسک کی شرط کھلی جگہ یعنی پارکس ، سڑکوں وغیرہ پر ختم کی جاسکتی ہے۔

74 لاکھ 68 ہزار سے زائد شہری ویکسین کی دوسری خوراک بھی لگواچکے ہیں۔اٹلی میں مزید 30 لاکھ ویکسین کی خوراکیں اسی ہفتے پہنچ رہی ہیں، جس کے بعد ویکسین لگانے کا عمل مزید تیز کردیا جائے گا۔

پابندیوں میں نرمی کا عندیہ

اٹلی کے ریجنل امور کے وزیر Mariastella Gelmini کا کہنا ہے کہ حکومت اسی ہفتے پابندیاں نرم کرنے کے روڈ میپ کا اعلان کردے گی، ان میں سوئمنگ پولزاور شادی بیاہ کی تقریبات کے شعبے شامل ہیں،ہم انہیں کھولنے کیلئے تاریخوں کا اعلان کردیں گے ، تاکہ لوگ اس حساب سے اپنے پروگرام بنالیں، دوسری طرف اطالوی انڈرسیکریٹری صحت کا کہنا ہے کہ شاپنگ مالز بھی کھول دئیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم ماریو دراغی نے 15 جون سے ملک کو سیاحت کے لئے کھولنے کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ دنیا اٹلی کا سفر کرنا چاہتی ہے، اٹلی دنیا کو ویلکم کرنے کے لیے تیار ہے، تاکہ لوگ اپنی چھٹیاں اٹلی میں گزار سکیں، جس کیلئے اٹلی کے خوبصورت جزائر جہاں سیاحوں کی تعداد کثیر تعداد رخ کرتی ہے ان علاقوں میں ویکسینیشن مہم تیز کردی گئی ہے، تاکہ ان علاقوں کو محفوظ بنایا جاسکے، اور شہری سیاحت کیلئے یہاں کا رخ کرسکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.