گھٹتی آبادی نے چین کیلئے خطرہ کی گھنٹی بجادی

0

بیجنگ: ایک بچے کی پالیسی چین کے گلے پڑگئی، دوبچوں کی پانچ برس قبل اجازت دینے کے باوجود چینی جوڑے اب بچوں کی پیدائش کی طرف راغب نہیں ہورہے، جس سے آبادی کم ہونے لگی ہے، صورتحال بگڑتی دیکھ کر حکومت نے اب تین بچوں کی اجازت دینے کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کی سب سے زیادہ آبادی رکھنے والے ملک چین نے آبادی کنٹرول میں رکھنے کے لئے 2016 تک یہ پابندی لگا رکھی تھی کہ چینی جوڑے ایک بچے سے زیادہ پیدائش کی طرف نہیں جائیں گے، اس پالیسی کے نتیجے میں چین کی آبادی تو کنٹرول میں آئی، لیکن قدرت کا بنایا ہوا توازن خراب ہوگیا، ایک طرف ون چائلڈ پالیسی کی وجہ سے لڑکیوں کی کمی ہوگئی، کیوں کہ جوڑے ایک بچے کیلئے لڑکے کو ترجیح دیتے تھے، اور بچی ہونے کی صورت میں اسقاط حمل کرا لیتے تھے، دوسری طرف چینی آبادی میں جوان کم اور بوڑھوں کی تعداد بڑھنے لگی، جس پر 5 برس قبل چینی حکومت نے دو بچوں کی اجازت دے دی، لیکن اب چینی جوڑے بچوں کی پیدائش کی طرف راغب نہیں ہورہے، اور گزشتہ برس چین میں صرف ایک کروڑ 20 لاکھ بچے پیدا ہوئے، جو کم ترین سطح تھی۔

جس کے بعد چین کیلئے یہ خطرہ پیدا ہوگیا ہے کہ آنے والے عشروں میں کم تر شرح پیدائش اور معاشرے میں بزرگ شہریوں کے تناسب میں بہت زیادہ اضافے کے نتیجے میں افراد ی قوت میں کمی اور ممکنہ اقتصادی بحران کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

صورتحال کو دیکھتے ہوئے اب چین نے جوڑوں کو 3 بچوں کی اجازت دینے کا اعلان کردیا ہے۔ یہ فیصلہ صدر شی جن پنگ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا ۔ چین میں اوسط شرح افزائش اس وقت صرف 1.3 ہے اور اس شرح سے آبادی میں استحکام رکھنا ممکن نہیں ہے، اس وقت مجموعی چینی آبادی ایک ارب 41 کروڑ ہے، جرمن خبررساں ادارے نے چینی ماہرین کے حوالے سے بتایا ہے کہ اگر ملکی آبادی میں اضافے کی کوششیں کامیاب نہ ہوئیں، تو آئندہ چند عشروں میں کارکنوں کی کمی بڑا مسئلہ بن جائے گی، اسی طرح 2050ء تک ممکنہ طور پر چین کی مجموعی آبادی میں 35 فیصد بزرگ شہری ہوں گے، جن کی پنشن اور دیکھ بھال کا انتظام بھی کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: چین میں انہونی ہوگئی، زیادہ آبادی سے پریشان ملک اب بچے نہ ہونے سے پریشان

چین کے لیے انتہائی تشویش کی بات ہے کیوں کہ اس کی آبادی میں بوڑھوں کا تناسب بڑھتا جارہا ہے، چین کی آبادی کا تقریباً پانچواں حصہ یعنی 25 کروڑ سے زائد لوگ 60 برس کی حد پار کرچکے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.