فٹبال میچ اور میل جول، عالمی ادارہ صحت نے یورپ کو نئے خطرے سے خبردار کردیا

0

برسلز: عالمی ادارہ صحت نے کرونا کی وبا کے حوالے سے یورپی ممالک کو نیا الرٹ جاری کردیا ہے، یورو فٹبال میچز دیکھنے کے لئے جمع ہونے والے شائقین پر بھی محتاط رہنے کا مشورہ، کیسز میں پھر سے اضافہ ہونے پر تشویش کا اظہار کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ یورپی ممالک میں ایک بار پھر کرونا کے کیس بڑھنے لگے ہیں، یورپ کے لئے عالمی ادارہ کے ریجنل ڈائریکٹر ہنس کلوگ کا کہنا ہے کہ اگر بے احتیاطی کی گئی تو یورپ میں کرونا کی نئی لہر آنے کا خدشہ موجود ہے، انہوں نے بتایا کہ 10 ہفتوں تک مسلسل کرونا کیسز میں کمی کے بعد گزشتہ ہفتے ایک بار پھر کیسز میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے، اس کی وجہ کرونا پابندیوں میں نرمی کے بعد میل جول بڑھنا اور سفر شامل ہے، انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت سے سامنے آنے والا ڈیلٹا وائرس کے مریض اب یورپ میں بڑھ رہے ہیں، یہ یورپ میں سب سے پہلے برطانیہ میں نمودار ہوا تھا، اور وہاں کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ بھارتی ڈیلٹا وائرس اگست تک یورپی خطے میں باقی وائرسز سے زیادہ ہوسکتا ہے، اور تشویش کی بات یہ ہے کہ اگست تک یورپی خطہ پوری طرح ویکسین نہیں لگواپایا ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ یورپی خطے میں 63 فیصد لوگ اب بھی ویکسین کی پہلی خوراک کے انتظا ر میں ہیں، جبکہ ڈیلٹا وائرس سے تحفظ کے لئے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگی ہونا ضروری ہے، اس سوال پر کہ فٹبال یورو چیمپین شپ کیا یورپ میں وبا پھیلانے کے لئے سپر سپریڈر بن سکتی ہے؟ ہنس کلوگ کا کہنا تھا کہ ہم امید کرسکتے ہیں کہ ایسا نہ ہو، لیکن اسے خارج ازامکان بھی قرار نہیں دیا جاسکتا ، اس لئے میچ دیکھنے کے لئے جانے والے تماشائیوں کی نگرانی ضرور ی ہے، اسٹیڈیم میں آنے سے پہلے اور جاتے وقت ان کے ٹیسٹ لئے جانے چاہیں، واضح رہے کہ فٹبال میچوں میں پہلے ہی تماشائیوں میں سینکڑوں کرونا کیسز کا پتہ چلایا جاچکا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.