نئے چیئرمین پی سی بی کے آنے سے قبل ہی بڑی تبدیلیاں

0

لاہور: کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کے آنے سے قبل ہی پی سی بی میں بڑی تبدیلیاں آنا شروع ہوگئی، قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بالنگ کوچ وقار یونس کوچنگ کے عہدوں سے دستبردار ہوگئے ہیں، ان کی جگہ ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق نیوزی لینڈ سیریز میں بحیثیت عبوری کوچز ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ کے چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھالنے سے قبل ہی بڑی تبدیلیاں سامنے آئی ہیں اور قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ سابق فاسٹ بولر وقار یونس اپنے عہدوں سے دستبردار ہوگئے ہیں، دونوں نے اپنے فیصلے سے متعلق پی سی بی کو آگاہ کردیا ہے، مصباح الحق اور وقار یونس کو ستمبر 2019 میں قومی کرکٹ ٹیم کا بالترتیب ہیڈ کوچ اور باؤلنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے 12 ستمبر کو پاکستان پہنچنا ہے، جس کے لیے پاکستان ٹیم 8 ستمبر کو اسلام پہنچے گی، نیوزی لیند کیخلاف ہوم سیریز سے چند روز قبل ہی مصباح الحق اور وقار یونس کے اچانک عہدہ چھوڑنے پر وقت کی کمی کے باعث اس سیریز کیلئے ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق کو قومی کرکٹ ٹیم کا کوچ  نامزد کردیا گیا ہے، دونوں عبوری کوچز کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان

اپنے عہدے سے دستبرداری پر سابق ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ انہوں نے جمیکا میں قرنطینہ کے دوران اپنے 24 ماہ کا جائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ یہ عہدہ چھوڑنے کا مناسب وقت نہیں مگر فی الحال ایسے فریم آف مائنڈ میں نہیں کہ آئندہ چیلنجز سے نبرد آزما ہوسکوں، مصباح الحق نے کہا کہ وہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔ وقار یونس نے کہا کہ مصباح الحق نے اپنا فیصلہ بتایا تو انہوں نے بھی عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا، انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے نوجوان باؤلرز کے ساتھ کام کرنے پر بہت مطمئن ہیں۔

 چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کہ پی سی بی مصباح الحق کے فیصلے کا احترام کرتا ہے، گزشتہ 24 ماہ میں مصباح الحق نے اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کرکٹ کے لیے خرچ کیں، وسیم خان نے کہا کہ وقار یونس نے جرات مندانہ فیصلہ کیا ہے. ہم نے ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق کو عبوری کوچز کی حیثیت سے نیوزی لینڈ سیریز کے لیے تعینات کیا ہے، جبکہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے لیے ٹیم منیجمنٹ کا اعلان مناسب وقت پر کردیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.