نجی پاکستانی ائر لائن نے یواے ای کیلئے نئی سروس شروع کردی

0

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان پر سفری پابندیوں کے خاتمے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان مسافروں کا رش بڑھ گیا ہے، ایسے میں پاکستان کی بڑی نجی ائیر لائن نے یوا ے ای کے لئے ایک اور اسٹیشن پر پروازیں شروع کردی ہیں، جس سے مسافروں کو سہولت حاصل ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق نجی ائرلائن ائیر بلو نے عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ کے لئے نئی سروس شروع کردی ہے، ائر بلو لاہور سے راس الخیمہ کے لئے ہفتہ وار دو پروازیں چلائے گی، اس سلسلے کی پہلی پرواز اتوار کی رات کو لاہور سے روانہ ہوئی اور پیر کو واپس لاہور پہنچ گئی، ان پروازوں میں مسافروں کا بھرپور لوڈدیکھا گیا، اس سے پہلے ائر بلیو ابو ظہبی ، دبئی اور شارجہ کے لئے پروازیں چلارہی تھی۔

ائربلیو کے یو اے ای میں کنٹری منیجر سہیل شیخ نے خلیجی اخبار کو بتایا کہ ائرلائن مسافروں کی ڈیمانڈ کو دیکھتے ہوئے ہفتہ وار لاہور اور راس الخیمہ کے درمیان دو پروازیں چلانے کا ارادہ رکھتی ہے، فی الحال ایک پرواز سے آغاز کیا گیا ہے، جبکہ ڈیمانڈ کے حساب سے لاہور کے علاوہ دیگر اسٹیشنوں سے بھی راس الخیمہ کے لئے پرواز چلائی جاسکتی ہے، اسی طرح ہم پشاور اور العین کے درمیان بھی سروس شروع کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں، ائر بلیو کے پاس اس وقت 9 طیارے ہیں، جو تمام ائربس کے ہیں، جبکہ ائر لائن نے دو نئے طیاروں کا بھی آرڈر دے رکھا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.