اٹلی میں بجلی سے نہیں بلکہ بل دیکھ کر ’’کرنٹ‘‘ لگے گا

0

روم: دنیا بھر میں جاری مہنگائی کی لہر میں اٹلی بھی لپیٹ میں آگیا ہے، اطالوی وزیر نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اگلے ماہ سے بڑے اضافے کا اعلان کردیا ہے، بالخصوص بجلی اتنی مہنگی ہونے جارہی ہے، کہ اس کا بل دیکھ کر صارف کو کرنٹ لگتا ہوا محسوس ہوگا۔ دوسری طرف صنعتی تنظیم نے بجلی سمیت صنعتوں میں استعمال ہونے والے سامان کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کےمطابق تیل اور گیس کی عالمی منڈی میں ریکارڈ قیمتوں کی وجہ سے دنیا میں کرونا کے بعد آنے والی مہنگائی کی لہر مزید بے قابو ہوتی جارہی ہے، ایسے میں بالخصوص تیل اور گیس کی قیمتیں صارفین کے لئے بڑا امتحان بننے جارہی ہیں، اٹلی میں جہاں پہلے ہی بجلی 10 فیصد کے قریب مہنگی ہوچکی ہے، اب اطالوی وزیر برائے ماحولیات رابرٹو سنگولانی نے اس کی قیمت میں مزید بڑے اضافے کا اعلان کیا ہے، انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی عالمی قیمتوں اور بعض دوسرے عوامل کے باعث اکتوبر میں شروع ہونے والی اگلی سہ ماہی میں بجلی بلوں میں 40 فیصد اضافہ ہونے جارہا ہے، جنیوا میں کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، اسی طرح گیسوں کا اخراج کم کرنے کی مد میں بھی اخراجات بڑھتے جارہے ہیں، جس کے نتیجے میں یکم اکتوبر سے بجلی 40 فیصد مہنگی ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کوشش کررہی ہےکہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے، لیکن حقیقت سے آنکھیں نہیں چرائی جاسکتیں۔ دوسری طرف صنعتی تنظیم Confindustria کے صدر کالو بونومی نے بجلی اور خام مال کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں اس صورت حال کو سمجھنا اور اس کا حل تلاش کرنا ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.