ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹ سے شکست دیدی

0

دبئی: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوسرے مرحلے کے سب سے بڑے معرکے میں پاکستان نے بھارت کو دھول چٹادی، پاکستان نے 10 وکٹوں سے شکست دیکر تاریخ بدل دی، بابر اعظم اور محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 152 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔

دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سب سے بڑے معرکے میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی بولرز نے اپنی شاندار بالنگ سے بھارتی بلے بازوں کو کھل کر بیٹنگ کرنے کا موقع نہیں دیا جس کے باعث بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 151 رنز ہی بناسکے۔

بھارت کی جانب سے کے ایل راہول اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شاہین آفریدی نے پہلے اوور میں روہت شرما کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیجا اور اپنے دوسرے اوور میں راہول کو بھی صرف 3 رنز پر بولڈ کردیا۔ ویرات کوہلی نے سوریا کمار یادو کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم محمد رضوان نے حسن علی کی گیند پر 11 رنز بنانے والے یادوو کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

ویرات کوہلی نے رشپ پانٹ کے ساتھ ملکر 38 گیندوں پر 50 رنز کی اہم شراکت قائم کی تاہم پانٹ 30 گیندوں پر 39 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کا شکار بن گئے، رویندرا جڈیجا 13 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ہارڈک پانڈیا صرف 11 رنز بناسکے۔

کپتان ویرات کوہلی نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اورتاہم شاہین نے انہیں 57 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3، حسن علی نے 2، حارث رؤف اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے بغیر کوئی وکٹ کھوئے 152 رنز کا ہدف حاصل کرلیا اور اس دوران بھارت کے خلاف اوپننگ کی ریکارڈ شراکت بھی قائم کی۔ بابراعظم نے 40 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی جب کہ محمد رضوان نے 41 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ محمد رضوان 79 اور بابراعظم 68 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.