ہیلو میں مرنے جارہی ہوں، اٹلی میں خاتون کی الوداعی کال زندگی بچاگئی

0

روم: بس میں نے اپنی جان دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، یہ جملہ تو بہت سے شوہروں کو اپنی بیویوں سے زندگی میں مختلف مواقع پر سننے کو ملتا ہے، ناراض ہو کر بیویاں اکثر نہر یا دریا میں ڈوبنے کی دھمکی دیتی ہیں، تاہم اٹلی میں ایک خاتون شوہر سے تو نہیں بلکہ حالات سے تنگ آکر حقیقت میں خودکشی کرنے چلی گئی۔

 تفصیلات کے مطابق اٹلی کے ریجن اپالیا کے شہر برلیٹا ( (Barlettaمیں کرونا بحران کے دوران میاں بیوی کی ملازمت ختم ہوگئی تھی، جس سے جوڑا پریشان رہتا تھا، اس دوران گزشتہ روز بیوی نے پریشان ہوکر اپنی زندگی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، اور وہ شوہر کو بتائے بغیر خودکشی کے لئے ریلوے لائن پر پہنچ گئی، تاہم خودکشی سے قبل اس نے شوہر کو الوداعی کال کرنے کے لئے فون ملایا، اور بتایا کہ وہ ٹرین کے آگے آکر اپنی زندگی ختم کرنے جارہی ہے، بیوی کے منہ سے یہ الفاظ سن کر اس کے شوہر کے طوطے اڑگئے، لیکن اس نے ہوشیاری سے کام لیا، اور بیوی سے کال طویل کردی، جبکہ دوسری طرف اس نے پولیس کو بھی اطلاع کردی کہ اس نمبر سے اس کی بیوی کال کررہی ہے، اور وہ خود کشی کیلئے ریلوے لائن پر پہنچ چکی ہے، اسے بچانے کیلئے کچھ کریں۔

اطالوی خبرایجنسی کے مطابق اس موقع پر پولیس نے خود اس خاتون کے نمبر پر کال ملانے کا فیصلہ کیا، اور وہ اسے آدھے گھنٹے تک خود کشی نہ کرنے کے لئے فون پر سمجھاتے رہے، دوسری جانب فون کے ذریعہ خاتون کی لوکیشن کا پتہ چلالیا گیا، اور وہاں پہنچ کر پولیس نے اسے بچالیا،  بعد ازاں جوڑے کو تھانے لایا گیا، جہاں شہریوں کی مدد سے ان کیلئے امداد جمع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.