اطالوی سائیکلنگ ٹیم کے کھلاڑیوں کی لاکھوں یورو کی مالیت کی سائیکلیں یورپی ملک سے چوری

0

بخارسٹ: اٹلی کے سائیکل ریس کے کھلاڑیوں کی لاکھوں یورو مالیت کی سائیکلیں دوسرے یورپی ملک میں قیام کے دوران چوری ہوگئیں، چور ان سائیکلوں کو ایک اور یورپی ملک لے جانے میں بھی کامیاب ہوگئے، تاہم بالاخر ان کا سراغ لگالیا گیا ہے، اور ان کو چوری کرنے والوں کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کی سائیکل ٹیم کے کھلاڑیوں کی 6 لاکھ یورو مالیت کی جدید 22 سائیکلیں فرانس کے شہر للی سے چوری کرلی گئیں، اطالوی کھلاڑی وہاں یو سی آئی ورلڈ ٹریکنگ چیمپین شپ میں شرکت کے لئے گئے ہوئے تھے، اور ہر سائیکل کی قیمت 30 ہزار یورو کے قریب بتائی جاتی ہے، ان میں سے کچھ سائیکلوں پر سونے کا پانی بھی چڑھا ہوا تھا، فرانس سے یہ سائیکلیں چرانے والے چور اسے کسی طرح رومانیہ پہنچانے میں کامیاب ہوگئے۔

جہاں رومانیہ کی پولیس نے ایک جرائم پیشہ گروہ کے خلاف معمول کا چھاپہ مارا تو وہاں یہ سائیکلیں بھی موجود پائی گئیں، اس طرح فرانس سے چوری ہونے والی اطالوی کھلاڑیوں کی سائیکلیں بالاخر رومانیہ سے مل گئی ہیں اور رومانوی پولیس نے 4 ملزم بھی پکڑ لئے ہیں، رومانیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اتنی مہنگی سائیکلیں یہ ملزمان صرف 1500 یورو میں بیچنے کی کوشش کررہے تھے، بخارسٹ میں اطالوی سفارتخانے میں تعینات کرنل پاولو سیزترا نے سائیکلیں برآمد کرنے پر رومانیہ کی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے، اور کہاہے کہ یہ سائیکلیں قیمت سے زیادہ ان سے وابستہ جذبات کے حوالے سے اہم تھیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.