پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 63 رنز سے شکست دیدی

0

کراچی: پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو بڑے مارجن سے شکست دیدی، پاکستان کے 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 137 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، پاکستان کی جانب سے بیٹنگ میں محمد رضوان 78 اور بالنگ میں محمد وسیم چار وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا، کپتان بابر اعظم پہلے ہی اوور میں صفر پر آؤٹ ہوگئے، جبکہ پاکستان کی دوسری وکٹ 35 رنز پر گری جب فخر زمان 10 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ 2 وکٹیں گرنے کے بعد حیدر علی اور محمد رضوان کے درمیان 105 رنز کی شراکت داری بنی ، تاہم جب ٹیم کا مجموعی اسکور140 رنز پر پہنچا تو رضوان 78 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 147 رنز پر گری جب محمد آصف 1 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے علاوہ افتخار احمد 7 اور حیدر علی 68 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے، محمد رضوان 78 اور حیدر علی 68 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ویسٹ انڈیزکی جانب سے  روماریو شیفرڈ نے دو کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا جبکہ اوشین تھامس،عقیل حسین، ڈومینک ڈریکس اوراوڈین اسمتھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز شروع سے ہی مشکلت کا شکار رہی، ویسٹ انڈیز کی جانب سے اننگز کا آغاز شائے ہوم اور برینڈن کنگ نے کیا، دوسرے ہی اوور میں برینڈن کنگ محمد نواز کا شکار بن گئے۔

33 کے اسکور پر محمد وسیم نے نکولس پورن کو کلین بولڈ کردیا۔ ویسٹ انڈیز کی تیسری وکٹ 40 رنز پر  ڈیون تھامس کی گری، وہ بھی محمد وسیم کا شکار بنے۔ 59 رنز پر شائے ہوپ کو شاداب خان نے آؤٹ کیا، 60 رنز پر ویسٹ انڈیز کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی۔ 88 کے مجموعی اسکور پر 7 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد روماریو شیپرڈ اور اوڈین اسمتھ نے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی ، دونوں نے ٹیم کے اسکور 134 رنز تک پہنچادیا لیکن دونوں کو شاہین شاہ اور محمد وسیم نے ٹھکانے لگایا۔ اسی طرح وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پوری ٹیم 137 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ ویسٹ انڈیزک؂ کی جانب سے شائے ہوپ 31، اوڈین اسمتھ 24 اور راومن پاول 23 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم نے 4، شاداب خان نے 3، شاہین شاہ آفرید، محمد نواز اور حارث روؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.