اٹلی میں خریداری کیلئے یکم جنوری سے کیا چیز لازمی ہونے جارہی ہے؟

0

روم: آپ اٹلی میں رہتے ہیں، اور خریداری کے لئے جارہے ہیں، ٹھہریں، آپ کی جیب میں پیسے موجود ہوں یا نہ ہوں، آپ کی جیب میں بینک کا کارڈ ضرور ہونا چاہئے، ورنہ آپ کو خالی ہاتھ واپس آنا پڑسکتا ہے، کیوں کہ یکم جنوری سے خریداری کے حوالے سے نئے ضوابط نافذ ہونے والے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اطالوی حکومت نے کالے دھن (بلیک منی) سے نمٹنے اور ٹیکس چوری روکنے کے لئے یکم جنوری سے خریداروں کے لئے نئے ضوابط نافذ کرنے کی منظوری دے دی ہے، اطالوی سرکاری خبر ایجنسی ’’انسا‘‘ کے مطابق سابق وزیراعظم جوسپے کونتے کی حکومت نے 2020 میں اس نئے قانون کی منظوری دی تھی، جس کے تحت اس وقت کیش خریداری کی حد2 ہزار یورو مقرر کی گئی تھی، جبکہ یکم جنوری 2022 سے کیش خریداری کی حد ایک ہزار یورو کرنے کی بھی منظوری دی گئی تھی، اب موجودہ حکومت نے بھی اس رول کی توثیق کردی ہے، جس کے تحت یکم جنوری سے اب اٹلی میں آپ کیش خریداری زیادہ سےزیادہ ایک ہزار یورو کی کرسکیں گے، اس سے اوپر کسی چیز کی قیمت ادا کرنے کے لئے آپ کے پاس بینک کارڈ ہونا لازمی ہوگا، اور ادائیگی بھی بینک کارڈ کے ذریعہ کی جاسکے گی۔

ایک ہزار یور و کی حد بڑھوانے کے لئے دائیں بازو کی جماعت ایف ڈی آئی نے کوشش کی تھی، لیکن اسے پارلیمان میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، کیش خریداری کے لئے ایک ہزار یورو کی شرط مقرر کرنے کا مقصد کالے دھن پر کنٹرول ہے، نئے ضوابط کے تحت جو دکاندار کیش خریداری کی حد پر عمل نہیں کریں گے، ان پر جرمانے کئے جائیں گے، جرمانہ 30 یورو سے شروع ہوگا اور خریدی گئی اشیا کی قیمت کے لحاظ سے اس میں اضافہ ہوتا رہے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.