دنیا میں موجود ’’جہنم کا دروازہ” بند کرنے کا فیصلہ، دنیا بھر کے ماہرین سے مدد طلب

0

لندن: جہنم تو زمین سے کہیں بہت دور ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ایک ملک میں ایسی جگہ بھی ہے، جہاں 50 برسوں سے آگ لگی ہوئی ہے، اور اس لئے اسے ’’جہنم کا دروازہ‘‘ قرار دیا جاتا ہے، اب اس آگ کو بجھانے کی کوشش کرنے کیلئے دنیا بھر سے ماہرین کی مدد مانگ لی گئی ہے۔

جی ہاں ’’جہنم کا دروازہ‘‘ وسط ایشیائی ملک ترکمانستان میں ہے، جب ترکمانستان سابقہ سوویت یونین کا حصہ تھا، تو 1971 میں یہاں سوویت ماہرین نے گیس کی تلاش کے لئے کھدائی کی کوشش کی تھی، وہاں سے گیس تو نہ نکلی لیکن زمین میں موجود میتھین گیس نے آگ پکڑ لی، ابتدا میں سوویت سائنسدانوں کاخیال تھا کہ یہ آگ چند ہفتوں میں خود بخود بجھ جائے گی، لیکن 1971 کا وہ دن ہے، اور اب 2022 آگیا ہے، یہ آگ مسلسل جل رہی ہے، اور اسے بجھانے کی کئی کوششیں ناکام ہوچکی ہیں، جس کے بعد ہی اسے ’’جہنم کے دروازہ‘‘ کا خطاب دیا گیا، 230 فٹ بڑے اور 70 فٹ گہرے گڑھے میں گزشتہ 50 سالوں سے مسلسل آگ بڑھک رہی ہے، اور یہ اتنی شدت سے لگی ہوئی ہے کہ میلوں دور تک نظر آتی ہے، یہ صحرائی علاقہ دارالحکومت اشک آباد سے 160 کلومیٹر دور ہے۔

’’جہنم کے دروازہ‘‘ کے نام سے مشہور ہونے کے بعد اسے دیکھنے کے لئے دنیا بھر سے سیاح یہاں کا رخ کرتے ہیں، تاہم برسوں سے لگی اس آگ کے علاقے کے ماحول پر بہت خراب اثرات مرتب ہورہے ہیں، برطانوی اخبار ’’ڈیلی میل‘‘ کے مطابق اب ترکمانستان کے صدر نے اسے بجھانے کے لئے دنیا بھر کے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا حکم دیا ہے، تاکہ ماحول کو بچایا جاسکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.