پی آئی اے میں اصلاحات کا عمل جاری، ملازمین کی شرح بین الاقوامی ائیرلائنز کے برابر ہوگئی

0

کراچی: قومی انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) میں اصلاحات کا عمل جاری، ملازمین کی شرح بین الاقوامی تناسب کے برابر ہوگئی، ملازمین کی تعداد میں کمی جعلی ڈگری و سیاسی بنیادوں پر بھرتی ہونے والوں کے خلاف کارروائی کے تحت کی گئی ہے، اس عمل سے قومی ایئر لائن کو سالانہ 8 ارب روپے کی بچت ہوگی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ائیرلائن کے فی طیارہ پر اوسط ملازمین کی تعداد 550 سے کم کر کے 260 کردی گئی، جس کے بعد پی آئی اے کی افرادی قوت کی شرح بین الاقوامی تناسب کے برابر ہوگئی ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ ملازمین کی تعداد میں کمی رضا کارانہ علیحدگی اسکیم، بدعنوانی، جعلی ڈگری اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر کارروائی کے تحت کی گئی ہے، جبکہ سیاسی بھرتیوں والی افرادی قوت میں بھی واضح کمی کی گئی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ سال 2017 میں پی آئی اے کی فی طیارہ ملازمین کی تعداد 550 تھی، جو کم ہو کر 260 رہ گئی ہے، دنیا کی بہترین ایئر لائنز افرادی قوت کی شرح 200 سے 250 کے درمیان رکھتی ہیں۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق سن 2022 میں مزید طیاروں کی آمد کے بعد شرح 220 پر آ جائے گی۔

ترجمان نے بتایا کہ 1900 ملازمین نے رضا کارانہ علیحدگی اسکیم سے استفادہ کیا، ایک ہزار کے قریب فرضی ملازمین موجودہ انتظامیہ نے برطرف کیے، جعلی ڈگریوں کے حامل 837 جبکہ کرپشن اور نظم و ضبط کے مرتکب 1100 ملازمین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی، ترجمان کے مطابق ملازمین کی تعداد کم کرنے سے قومی ایئر لائن کو سالانہ 8 ارب روپے کی بچت ہو گی۔

سی ای اوپی آئی اے ارشد ملک کا کہنا ہے کہ اصلاحتی عمل جاری رہے گا، مزید طیارے بیڑے میں شامل کر رہے ہیں جس سے پی آئی اے کی سروس کا معیار بہتر ہو گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.