بھینس نہیں گائے کے آگے بین بجائیں، اور فائدہ پائیں
استنبول: بھینس کے آگے بین بجانے کی کہاوت تو آپ نے سنی ہوگی، اس کا تو کوئی فائدہ نہیں ہوتا، اور کہاوت استعمال بھی وہیں کی جاتی ہے، جہاں یہ بتانا مقصود ہو کہ کسی عمل سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا، تاہم اب ایک کسان کے تجربے نے یہ بتایا ہے کہ اگر گائے کے آگے ’’بین ‘‘ بجائی جائے، تو اس کا فائدہ ہوسکتا ہے، اور ٹھیک ٹھاک ہوسکتا ہے۔
جی ہاں ترکی میں ایک کسان نے جدید ٹیکنالوجی کی مد د سے گائے کے آگے ایسی ’’بین ‘‘ بجائی ہے کہ اس کے فارم کی تمام گائیں دودھ زیادہ دینے لگ گئی ہیں، ترکی کے علاقے اکسارے سے تعلق رکھنے والے عزت کیوکک نامی کسان اپنے فارم کی تمام گائے سے زیادہ دودھ لینے کے لئے کسی طریقے کی تلاش میں تھا ، تاکہ اس کے منافع میں اضافہ ہو، چناچہ اس نے ایک انوکھا تجربہ کیا، عزت نے گائے کو ورچوئل رئیلٹی گوگلز پہنائے ،تاکہ گائے کو لگے کہ وہ کسی سرسبز و شاداب چراگاہ میں جگالی میں مصروف ہے۔ اور پھر گائے کا دودھ نکالنا شروع کیا، اس کی حیرت کی انتہا نہ رہی ، جب ان گوگلز کی وجہ سے گائے کے دودھ میں اچھا خاصا اضافہ ہوگیا۔
ترک کسان کا کہنا ہے کہ جو گائے 22 لٹر دودھ دیتی تھی، اسے جب گوگلز پہنائے گئے، تو اس نے 27 لٹر دودھ دینا شروع کردیا، برطانوی اخبار ’’دی سن ‘‘ سے گفتگو میں اس کا کہنا تھا وجہ یہ ہے کہ گوگلز کی اسکرین پر گائے کو فارم کے بجائے سر سبز وشاداب چراگاہ نظر آرہی ہوتی ہے، اور وہ خود کو وہاں محسوس کرتی ہے، اس سے دنیا کے بدلتے موسمی حالات کا اثر بھی کم ہوجاتا ہے، جب گائے کا دل خوش ہوتا ہے، تو اس کے دودھ میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے، ترک کسان کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے وہ اپنے فارم کی گائے کو دھنیں بھی سنانے کا تجربہ کرچکا ہے، او ر اس کا بھی اچھا نتیجہ نکلا تھا۔