روم: اطالوی حکومت نے بجلی اور گیس کے بڑھتے بلوں اور مہنگائی کے ستائے لوگوں کو نیا بونس دینے کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد مہنگائی کی وجہ سے پریشان لوگوں کو ریلیف دینا ہے، اٹلی میں قانونی طور پر مقیم تمام افراد بونس کے اہل ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق اطالوی حکومت نے بڑھتے یوٹیلٹی بلوں اور مہنگائی کو دیکھتے ہوئے 200 یورو کے بونس کی منظوری دے دی ہے، اطالوی خبر ایجنسی ’’انسا‘‘ کے مطابق اس بونس کا فیصلہ 5 مئی کو کیا گیا تھا، اور اب اکاؤنٹس آفس نے اس کی منظوری دے دی ہے، اٹلی کی نصف سے زیادہ آبادی کو یہ بونس دیا جائے گا، وزارت لیبر کا کہنا ہے کہ اپنا کام کرنے والے افراد کو بھی یہ بونس دیا جائےگا، یہ ایک بار کیلئے ہوگا، اور 200 یورو کا بونس ان افراد کو ملے گا، جن کی سالانہ آمدنی 35 ہزار یورو سے کم ہے، بونس کے چیک جولائی میں جاری کردئیے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس بونس سے ایک کروڑ 37 لاکھ ورکرز اور تقریباً اتنے ہی پنشنرز کو فائدہ ہوگا، اس کے علاوہ طلبا اور ورکرز کو 60 یورو کا سفری واوچر دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، اور یہ واوچر دسمبر تک قابل استعمال ہوگا، اسے کرائے کی ادائیگی کیلئے استعمال کیا جاسکے گا۔