اٹلی میں ملازمتوں میں بڑا اضافہ ہوگیا، لاکھوں مزید خالی

0

روم: اٹلی میں ملازمتوںمیں بڑا اضافہ ہوا ہے، اور بے روزگاری کی شرح کم ہوگئی ہے، دوسری طرف سروسز کے شعبے میں لاکھوں تربیت یافتہ افراد کی ضرورت سامنے آئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے ادارہ شماریات نے ملازمتوں کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ رواں برس جنوری سے مارچ کے درمیان گزشتہ برس کے مقابلے میں 5 لاکھ 13 ہزار زیادہ ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں، اور لوگوں کو روزگار ملا ہے، اس میں اچھی بات یہ بھی ہوئی ہے کہ نئی ملازمتیں پیدا ہونے کے ساتھ پکے ملازمین کی تعداد بھی بڑھی ہے، جبکہ کنٹریکٹ والوں کی تعداد میں کمی آئی ہے، اسی طرح اگر ملازمتوں کا تقابل 2022 کی آخری سہ ماہی سے کیا جائے، تو ملازمتوں میں ایک لاکھ 4 ہزار کا اضافہ ہوا ہے، ان میں سے 92 ہزار کو مستقل ملازمت ملی ہے، جبکہ 27 ہزار نے اپنا روزگار شروع کیا ہے، تاہم عارضی کنٹریکٹ ملازمین کی تعدا د میں 15 ہزار کی کمی ہوئی ہے۔

دوسری طرف اٹلی میں تجارتی تنظیم نے کہا ہے کہ خدمات کے شعبے جن میں ہوٹلنگ، سیاحت، تعمیرات اور اسٹورز وغیرہ کا کام شامل ہے، 4 لاکھ 80 ہزار ملازمتیں خالی ہیں، تنظیم کا کہنا ہے کہ ان میں سے نصف ملازمتیں خالی رہ جانے کا خدشہ ہے، کیوں کہ تربیت یافتہ افرادی قوت دستیاب نہیں ہے، لہذا لوگوں کو کھانا پکانے سمیت دیگر کاموں کی تربیت دینے کی ضرورت ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.