سعودی عرب میں کام کرنے والے لاکھوں پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری

0

ریاض: سعودی عرب نے کئی ماہ بعد شہریوں کو بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی ہے، اور پاکستان کا نام بھی اپنے شہریوں کے لئے ریڈ لسٹ سے نکال دیا ہے، یہ پیشرفت ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب وزیراعظم عمران خان سعودیہ کا کامیاب دورہ کرکے لوٹے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے ثمرات سامنے آنے لگے ہیں اور سعودی عرب نے پاکستان کا نام سفری پابندی والی لسٹ سے خارج کردیا ہے۔ جس کے بعد سعودی شہری پاکستان کا سفر کرسکیں گے۔ سعودی حکومت نے اپنے شہریوں کے بین الاقوامی سفر پر کئی ماہ سے پابندی لگا رکھی تھی جو پیر 17 مئی سے اٹھا لی گئی ہے۔ تاہم کچھ ممالک کے سفر پر پابندی برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا جس میں پاکستان کا نام بھی شامل تھا لیکن زیراعظم کے دورہ کے بعد پاکستان کا نام ریڈ لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔ سعودی وزارت داخلہ نے نئی لسٹ میں اپنے شہریوں پر بھارت سمیت 13 ممالک کے سفر پر پابندی عائد کی ہے۔ وزارت داخلہ نے اتوار کو بیان میں کہا کہ ان ممالک پر پابندی شہریوں کی صحت و سلامتی کی خاطر لگائی گئی ہے۔

جن ملکوں پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں بھارت، افغانستان، ترکی، ایران، شام، لبنان، یمن، لیبیا، آرمینیا، صومالیہ، وینزویلا، بیلا روس اور کانگو شامل ہیں۔ سعودی شہریوں کے لئے پاکستان محفوظ قرار دینے کے بعد اس بات کے امکانات روشن ہوگئے ہیں کہ پاکستان سے بھی چند روز میں سعودی عرب کے سفر کی اجازت سعودی حکومت دے دے گی، جس سے سعودی اقامہ ہولڈر ہزاروں پاکستانی واپس جا سکیں گے جو چھٹی پر آئے تھے اور پابندی کی وجہ سے پھنس گئے۔ دریں اثنا سعودی وزارت داخلہ نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ ایسی کسی بھی جگہ نہ جائیں جہاں کرونا کی وبا پھیلی ہوئی ہو۔ اس کے علاوہ ایس او پیز کی پابندی کریں۔علاوہ ازیں سعودی سرکاری ائیر لائن السعودیہ نے بیان میں کہا ہے کہ ’اس نے 95 ایئرپورٹس میں سے 71 کے لیے پروازیں چلانے کی تیاریاں کی ہیں، ان میں 28 ملکی اور 43 انٹرنیشنل ایئرپورٹ شامل ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.