ڈنکی لگا کر یورپ جانے والے کیلئے نئی مشکل، ترکی نے کس منصوبے پر کام شروع کردیا، جانئے

0

استنبول: ترکی میں داخل ہونے والے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن تیز، سینکڑوں تارکین وطن کو گرفتار کرلیا گیا، دوسری جانب ترکی نے ایران کے ساتھ سرحد کو مکمل طور پر بند کرنے کے لیے بھی تیزی سے اقدامات شروع کردیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈنکی لگا کر یورپ جانے کی کوشش کرنے والے پاکستانیوں کیلئے نئی مشکل، یورپ جانا مشکل ہوگیا، ترکی نے ایران کے ساتھ سرحد پر دیوار کی تعمیر شروع کردی ہے، ترک ایران سرحد پر اس دیوار کی تعمیر کا مقصد افغانستان، پاکستان اور ایران سے ہونے والی انسانی اسمگلنگ کو روکنا ہے۔ ترک وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ 300 کلومیٹر کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کا کام شروع کردیا گیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقے میں گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ یورپ پہنچنے کے لیے ہزاروں تارکین وطن ایران کے راستے سے غیر قانونی طریقے سے ترکی کی حدود میں داخل ہوتے ہیں، اور پھر وہاں سے یورپی ممالک کا رخ کرتے ہیں۔

دوسری جانب افغانستان میں طالبان کے بڑھتے کنٹرول اور ملک میں خانہ جنگی کے بڑھتے خدشات کے پیش نظر افغان تارکین کی بڑی تعداد ترکی کا رخ کررہی ہے، جس کو روکنے کیلئے ترک حکام نے سرحدی علاقوں میں گشت بڑھا دیا ہے۔ جبکہ ملک میں موجود غیر قانونی افغان تارکین کیخلاف بھی کارروائیاں تیز کردی ہیں، ترک حکام نے استنبول اور مشرقی صوبے وان میں کارروائی کرتے ہوئے 500 تارکین کو گرفتار کرلیا ہے۔ استنبول سے حراست میں لیے گئے 415 تارکین میں سے 129 کاتعلق افغانستان جبکہ 141 کا تعلق شام سے تھا، ان تمام افراد کو ترک امیگریشن حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ترک حکام نے صوبے وان میں کارروائی کرتے ہوئے منی بس میں سوار 86 غیر قانونی افغان تارکین کو بھی پکڑلیا ہے، جبکہ دو انسانی اسمگلرز کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.