یواے ای میں دوران کام حادثہ ہوجائے تو کیا کرنا چاہئے؟، زخمی غیرملکی ورکر نے کیس جیت کر بتادیا

0

دبئی: متحدہ عرب امارات میں تقریباً 91 لاکھ کی آبادی میں 80 لاکھ سے سے زائد غیرملکی ورکرز ہیں، اور دوران ملازمت کچھ ورکرز حادثات کا بھی شکار ہوجاتے ہیں، جن میں کئی معذور اور کچھ کی جانیں بھی چلی جاتی ہیں، کمپنی اچھی ہو تو وہ اس کا مداوا کردیتی ہے، لیکن کچھ ورکرز کو حادثات کے باوجود کوئی معاوضہ نہیں دیا جاتا، ورکرز بھی قوانین کا علم نہ ہونے کی وجہ سے خاموش ہوجاتے ہیں، ایسے میں ایک غیرملکی ورکر نے عدالت سے رجوع کرکے بڑا معاوضہ حاصل کرلیا ہے، جو حادثات کا شکار ہونے والے دیگر غیرملکی ورکرز کے لئے بھی مثال بن سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ابوظہبی میں تعمیرات کے شعبے سے وابستہ ایک غیرملکی ورکر کام کے دوران کنکریٹ بلاک گرنے سے شدید زخمی ہوگیا تھا، طبی رپورٹ کے مطابق اس حادثہ میں تعمیراتی ورکر کے جسم کا نچلا حصہ شدید متاثر ہوا، پولیس تحقیقات میں یہ بات ثابت ہوگئی تھی کہ حادثہ کمپنی کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا ہے، خلیج ٹائمز کے مطابق ورکر نے عدالت کو بتایا کہ کنکریٹ بلاک لگنے سے اس کی بائیں ران بہت متاثر ہوئی ہے، اور اب وہ ٹھیک طرح چل بھی نہیں پاتا، طبی رپورٹ میں بھی ڈاکٹروں نے تصدیق کی تھی کہ حادثے کے نتیجے میں ورکر کے جسم کا بایاں حصہ 25 فیصد تک متاثر ہوگیا ہے، جس سے اس کی کام کرنے کی صلاحیت بھی پہلے والی نہیں رہی۔

غیرملکی ورکر نے کمپنی کے خلاف 80 ہزار درہم معاوضہ کا دعویٰ عدالت میں دائر کیا تھا، عدالت نے کمپنی اور ورکر کا موقف سننے کے بعد متاثرہ غیر ملکی ورکر کو 30 ہزار درہم معاوضہ دینے کا حکم دیا ہے، جبکہ مقدمہ پر کئے گئے اخراجات بھی کمپنی ورکر کو ادا کرے گی، عدالت اس سے پہلے کمپنی پر حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر 10 ہزار درہم جرمانہ بھی کرچکی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.