افغان مہاجرین امریکہ پر کس یورپی ملک کو ترجیح دینے لگے؟

0

 برلن: امریکہ میں پناہ کے لئے منتقل کرنے سے قبل جرمنی کے ایک فوجی اڈے پر ٹھہرائے گئے، افغان مہاجرین نے جرمنی میں ہی پناہ کی درخواستیں دائر کرنی شروع کردی ہیں، اور وہ امریکہ کے بجائے جرمنی میں رہنے کیلئے کوشاں ہیں، جرمنی کا اس حوالے سے موقف سامنے آگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کابل سے انخلا کرکے لائے گئے 34 ہزار سے زائد افغان مہاجرین کو جرمنی میں Ramstein کے امریکی فوجی اڈے پر عارضی طور پر  رکھا گیا تھا، اور یہاں سےانہیں پراسیس کرکے امریکہ منتقل کیا جارہا ہے، ان 34 ہزار افغانوں میں سے بیشتر تو امریکہ منتقل کئے جاچکے ہیں، تاہم اب بھی 11 ہزار کے قریب افغان امریکی فوجی اڈے پر موجود ہیں، اور اب ان میں سے کئی نے امریکہ جانے کے بجائے جرمنی میں رک جانے کی  کوششیں شروع کردی ہیں۔ انفو مائیگرینٹ نے جرمن حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ کابل سے لائے گئے افغان باشندوں میں سے 90 اب تک جرمنی میں سیاسی پناہ کی درخواستیں دے چکے ہیں، اور وہ امریکہ منتقلی کے بجائے جرمنی میں رہنے کے خواہشمند ہیں، تاہم اس حوالے سے جرمن  وزارت خارجہ کے ترجمان  گزشتہ ہفتہ واضح کرچکے ہیں کہ کابل سے لائے گئے افغان مہاجرین کو امریکہ لے جانے پر دونوں ملکوں میں معاہدہ موجود ہے۔

جرمن ترجمان کے بیان کا مقصد واضح تھا کہ ان افغان مہاجرین کو امریکہ ہی منتقل کیا جائے گا، دوسری طرف جرمنی میں افغانوں کی جانب سے سیاسی پناہ کی درخواستوں میں بڑا اضافہ دیکھا گیا ہے، اور جرمن ادارہ برائے مائیگریشن کے مطابق صرف اگست میں 2266 افغانوں نے پناہ کی درخواستیں دائر کی ہیں، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں تین گنا زائد ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.