جلد پاکستان کیلئے براہ راست پروازیں چلیں گی، یورپی پاکستانیوں کیلئے خوشخبری

0

اسلام آباد: یورپ میں مقیم پاکستانیوں کے لئے اچھی خبر ہے، پی آئی اے پر یورپی پابندی کی وجہ سے وہ پاکستان کے براہ راست سفر سے محروم ہوگئے تھے، لیکن اب ایک بڑی یورپی ائرلائن نے پاکستان کے لئے پروازیں چلانے کی تیاری کرلی ہے، جس سے پاکستانیوں کو براہ راست پرواز کے ذریعہ وطن جانے کی سہولت مل جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے پی آئی اے پر عائد پابندی کےباعث یورپ میں مقیم لاکھوں پاکستانی براہ راست پروازوں کے ذریعہ وطن جانے کی سہولت سے کئی ماہ سے محروم ہیں، اور انہیں ترکی ،قطراور یواے ای سمیت کسی تیسرے ملک کی ٹرانزٹ پرواز لینی پڑتی ہے، جس سے سفر طویل ہوجاتا ہے، بالخصوص ایمرجنسی میں سفر کرنا ہوتو براہ راست پرواز نہ ہونے کی وجہ سے بہت مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم اب یورپ کی بڑی ائرلائن جرمنی کی ’’لفتھانسا‘‘ نے 13 برس بعد پاکستان واپسی کی تیاری کرلی ہے، جس کے نتیجے میں نہ صرف جرمنی بلکہ اس کے پڑوسی یورپی ممالک میں مقیم پاکستانی بھی جرمن ائرلائن کے ذریعہ پاکستان کا براہ راست سفر کرسکیں گے۔

اس حوالے سے ایک جرمن کاروباری وفد نے گزشتہ روز سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈفرینہ مظہر سے ملاقات کی ، جس میں لفتھانسا کے نمائندے بھی شامل تھے، جرمن ائر لائن کے نمائندوں نے پاکستان کے لئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ، جس پر سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ نے ان کی ملاقات وزیرایوی ایشن غلام سرور سے ملاقات کرانے کی یقین دہانی کرائی ، تاکہ لفتھانسا کو پاکستان کے لئے پروازوں کی اجازت دلائی جاسکے، اس سے پہلے جرمن سفیر بھی لفتھانسا کی پروازوں کے سلسلے میں حکام سے ملاقات کرچکے ہیں، ملاقات میں جرمن کمپنی weidmuller نے بھی جلد پاکستان میں اپنا پلانٹ لگانے کا اعلان کیا، یہ کمپنی ٹرانسمیشن لائنوں، سگنل اور ڈیٹا سے متعلق مصنوعات تیار کرتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.