دو پاسپورٹ رکھنے والوں کیلئے معافی اسکیم تیار، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بڑا موقع

0

اسلام آباد: حکومت نے ایک سے زائد پاسپورٹ رکھنے والے پاکستانیوں کیلئے ایمنسٹی اسکیم لانے کا فیصلہ کیا ہے، اوورسیز پاکستانی بھی اس اسکیم سے فائدہ اٹھا کر اپنے ملک کے پاکستانی سفارتی مشنز کے ذریعہ اضافی پاسپورٹ منسوخ کراسکیں گے، اضافی پاسپورٹ منسوخ کرانے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائےگی۔

تاہم مقررہ مہلت کے بعد نہ صرف ایک سے زائد پاسپورٹ رکھنے والوں کے پاسپورٹ بلاک کردئیے جائیں گے، بلکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کا بھی آغاز کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ایک سے زائد پاسپورٹ رکھنے والوں کو ایمنسٹی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ایمنسٹی اسکیم کے تحت ایک سے زائد پاسپورٹ منسوخ کرانے کیلئے 90 روز کی مہلت ہوگی۔ ایک سے زائد پاسپورٹ بنوانے والوں میں بڑی تعداد اوورسیز پاکستانیوں کی بھی ہے، جنہوں نے دیار غیر میں کسی مجبوری کی وجہ سے یا ایجنٹ کے ہتھے چڑھ کر دوسرا پاسپورٹ   نام یا تاریخ پیدائش تبدیل کرکے جعلسازی سے بنوالیا تھا، اور اب وہ کشمکش کا شکار رہتے ہیں کہ اس کی وجہ سے ان کے خلاف کارروائی ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بونس سمیت دیگر مراعات کا اعلان

کیوں کہ اس وقت پاسپورٹ کا سارا نظام کمپیوٹرائزڈ ہے، اور اس کے ذریعہ کسی بھی ایسے فرد کا پتہ چلانا مشکل نہیں رہا، جس نے ایک سے زائد پاسپورٹ بنوا رکھے ہوں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دہرے پاسپورٹ بنوانے والے 1629 افراد پہلے ہی اپنا ایک پاسپورٹ منسوخ کرنے کیلئے درخواستیں دے چکے ہیں۔

لیکن اس حوالے سے پالیسی نہ ہونے کے باعث ان کی درخواستیں زیرالتوا ہیں۔ اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید کو بتایا گیا کہ ایک سے زائد پاسپورٹ منسوخ کرانے کیلئے 90 روز کی مہلت دی جائے گی۔ ایمنسٹی اسکیم سے جو لوگ فائدہ اٹھا کر ایک پاسپورٹ منسوخ کرالیں گے، انہیں تحفظ حاصل ہوجائے گا، جبکہ اسکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والوں کے کیسز  مقررہ مدت کے بعد ایف آئی اے کو بھیجے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں فضائی سفر کیلئے ویکسین سرٹیفیکیٹ لازمی، اوورسیز پاکستانیوں کا کیا ہوگا؟

وزارت داخلہ کے مطابق موجودہ قانون میں ایک سے زائد پاسپورٹ رکھنے والوں کی سزا کم از کم تین سال کی جیل ہے، ایمنسٹی سکیم سے ایک سے زائد ناموں والے پاسپورٹ رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو فائدہ ہوگا، ماضی میں چھ ایمنسٹی اسکیموں کے ذریعے 12 ہزار پاسپورٹ کی کلیرنس کی جا چکی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.