اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بونس سمیت دیگر مراعات کا اعلان

0

اسلام آباد: حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ایک اور بڑے مراعتی پیکج کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کو نہ صرف مالی بونس بلکہ پی آئی اے کے ذریعے اضافی سامان لانے سمیت بہت سی دیگر مراعات بھی دی جائیں گی۔ وزیراعظم کی ہدایت کے بعد اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اس پیکج کی منظوری دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے بڑے مراعاتی پیکج کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ملکی تاریخ میں پہلی بار اوورسیز پاکستانیوں کو نقد بونس دئیے جائیں گے، اس پروگرام کو این آر ایل پی یعنی نیشنل ریمینٹس لائلٹی پروگرام کا نام دیا گیا ہے، اس پروگرام کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ مراعات دینا اور انہیں اپنی رقوم بینکنگ چینل کے ذریعے بھیجنے کی طرف راغب کرنا ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کی طرف سے منظور کیے گئے پیکیج پر صرف اس سال کے دوران حکومت 13 ارب روپے سے زائد خرچ کرے گی اور یہ رقم اوورسیز پاکستانیوں کو بونس اور دیگر مراعات کی مد میں دی جائیں گی۔

پروگرام کے تحت جو اوورسیز پاکستانی سالانہ دس ہزار ڈالر تک یعنی ایک ہزار ڈالر سے لے کر دس ہزار ڈالر تک کی ترسیلات بینکنگ چینل سے بھیجیں گے انہیں حکومت ایک فیصد نقد بونس دے گی یعنی پانچ ہزار ڈالر سالانہ بھیجنے والوں کو حکومت پانچ ہزار روپے اور دس ہزار ڈالر والوں کو دس ہزار روپے ادا کرے گی۔ 10 ہزار ڈالر سے 25 ہزار ڈالر سالانہ تک رقم بھیجنے والوں کو حکومت ایک اعشاریہ پچیس فیصد جبکہ 30 ہزار ڈالر سالانہ سے زائد بھیجنے والوں کو حکومت ڈیڑھ فیصد نقد بونس دے گی۔

اگر کوئی پاکستانی ایک سال میں پچیس ہزار ڈالر پاکستان بھیجے گا تو حکومت اپنی طرف سے اسے 46 ہزار 575 روپے کا کیش بونس دے گی، اس پروگرام کا باضابطہ آغاز یکم اکتوبر سے کیا جائے گا اور اس کے لئے خصوصی ایپ تیار کی گئی ہے۔ جو اردو اور انگریزی میں دستیاب ہوگی۔ اوورسیز پاکستانی جتنی رقم بھیجیں گے انہیں اتنے پوائنٹ ملتے رہیں گے اور بونس جمع ہوتا رہے گا۔ نقد بونس کے ساتھ پوائنٹس کے حساب سے پی آئی اے کے ذریعے سفر پر اضافی سامان لانے۔ نادرا و پاسپورٹ میں اضافی سہولیات سمیت دیگر مراعات بھی ملیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: ریکارڈ ترسیلات بھجنے پر وزیراعظم اوورسیز پاکستانیوں کے مشکور

خیال رہے کہ گزشتہ مالی سال 2020-21 کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ریکارڈ 29 ارب ڈالر سے زائد کی ترسیلات زر بھیجی تھی، جو کہ کسی بھی ایک سال کے دوران بھیجی گئی سب سے زیادہ ترسیلات تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.