اٹلی، برطانیہ، کینیڈا میں مہنگائی آسمان پر، کینیڈین وزیراعظم کا الیکشن خطرے میں پڑگیا

0

 برسلز: اٹلی، برطانیہ اور کینیڈا میں مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، دنیا بھر میں جاری مہنگائی کی لہر نے حکومتوں کو مشکل صورت حال سے دوچار کردیا ہے، کینیڈا میں مہنگائی 18 برس کی بلند ترین شرح پر جانے کے بعد وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کیلئے الیکشن میں مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کرونا کی پابندیوں، تیل اور گیس کی بلند ترین عالمی قیمتوں اور خوراک کی کم پیداوار کے باعث دنیا بھر میں مہنگائی کی لہر شدید ہوتی جارہی ہے، جس سے انسانوں کے لئے مشکلات بڑھ رہی ہیں، برطانیہ میں افراط زر کی شرح گزشتہ 9 برسوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اگست میں  مہنگائی کی شرح 3.2 فیصد تک پہنچ گئی، جو مارچ 2012 کے بعد کی بلند ترین سطح ہے۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق افراط زر میں اضافے کی بڑی وجہ کرونا وبا بنی ہے اور آنے والے ماہ میں بھی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، دوسری طرف کینیڈا میں مہنگائی کی شرح 18 سال کی بلند ترین سطح کو چھو گئی ہے، اگست میں افراط زر 4.1 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جو 2003 کے بعد  سب سے زیادہ ہے، مہنگائی کی بڑی وجہ تیل کی قیمت، گھریلو استعمال کے سامان اور گھروں کے کرایوں میں اضافہ بنا ہے، یہ اعداد وشمار ایسے موقع پر آئے ہیں، جب کینیڈا میں الیکشن ہونے والے ہیں، اور لبرل پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو قدامت پسند کنزرویٹو پارٹی سے سخت مقابلے کا سامنا ہے، سرویز کے مطابق کنزرویٹو پارٹی کو وزیراعظم پر معمولی برتری حاصل ہے۔

تاہم مہنگائی کے اعداد وشمار سامنے آنے کے بعد کنزرویٹو پارٹی نے اس سے فائدہ اٹھانے کیلئے بیان دیا ہے، اور اپوزیشن لیڈر ایرن اوٹولی  کا کہنا ہے کہ جسٹن ٹروڈو کی حکومت میں کینیڈیں شہری مہنگائی کے بحران کا سامنا کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں بجلی سے نہیں بلکہ بل دیکھ کر ’’کرنٹ‘‘ لگے گا، قیمتوں میں کتنا اضافہ ہوگیا

اٹلی کی صورتحال

اٹلی میں بھی اگست کے دوران مہنگائی میں مزید اضافہ ہوا ہے، اور افراط زر کی شرح 2 فیصد پر پہنچ گئی ہے، اس سے پہلے 2013 میں اٹلی میں افراط زر 2.2 فیصد ہو ا تھا، ادارہ شماریات ISTAT کے مطابق اگست میں مہنگائی میں 0.4 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، اس کے ساتھ اٹلی پر قرضے بھی نئی ریکارڈ سطح 2725 ارب یورو سے تجاوز کرگئے ہیں، قرضوں میں 29 ارب 70 کروڑ یورو کا اضافہ ہوا ہے۔

خیال رہے کہ اطالوی حکومت نے اگلے ماہ سے بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافے کا اعلان کردیا ہے، جس سے مہنگائی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.