اٹلی میں نوکریوں پر اچھی خبر آگئی

0

روم: اٹلی میں معاشی حوالے سے اچھی خبر آئی ہے، اور روزگار میں پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ملک کی جی ڈی پی بھی کرونا سے نکلنے کے بعد مسلسل بڑھ رہی ہے، اس حوالے سے سرکاری ادارہ شماریات نے اعداد وشمار بھی جاری کردئیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے شماریاتی ادارہ ISTAT نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اس سال کی دوسری سہ ماہی میں نوکریوں میں 3 لاکھ 38 ہزار کا اضافہ ہوا ہے، جبکہ گزشتہ برس کے اس عرصے کے مقابلے میں ملازمتوں میں اضافہ 5 لاکھ 23 ہزار رہا ہے، ان میں سے 2 لاکھ 26 ہزار عارضی کنٹریکٹ پر کام کررہے ہیں، رپورٹ کے مطابق اگر چہ کرونا پابندیاں نرم ہونے کے بعد روزگار میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، تاہم یہ اب بھی 2019 کے مقابلے میں 6 لاکھ 78 ہزار کم ہیں، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 15 سے 74 برس کے افراد کے لئے بے روزگاری کی شرح 9.8 فیصد ہے، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 1.7 فیصد کم ہے، اسی طرح اطالوی معیشت کی ترقی کی شرح میں 2.7 فیصد اضافہ ہوا ہے، اور یہ 17.3 فیصد رہی ہے۔

دوسری جانب خیال رہے کہ اٹلی میں مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، اگست کے دوران مہنگائی کی شرح 2 فیصد پر پہنچ گئی ہے، اس سے پہلے 2013 میں اٹلی میں افراط زر 2.2 فیصد ہوا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.