برطانیہ میں تیل نہ ملنے پر پیٹرول پمپ ورکر کو تشدد کا سامنا، مدد کیلئے فوجی ڈرائیور طلب

0

لندن: برطانیہ میں تیل بحران سے نمٹنے کے لئے حکومت نے فوج طلب کرلی ہے، اور فوجی ڈرائیوروں کے ذریعہ سپلائی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دوسری جانب پیٹرول پمپوں پر جھگڑے بڑھ گئے ہیں، اور پیٹرول پمس پر لڑائی کی کئی ویڈیوز سامنے آرہی ہیں، دوسری جانب حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ بحران طویل ہوسکتا ہے۔

اس دوران طبی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تیل بحران سے کرونا کے کیس بھی بڑھ سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں تیل کے بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت نے فوج کو متحرک کردیا ہے۔ برطانوی وزیر دفاع بن ویلس نے تین سو فوجیوں کو تیل بحران میں مدد دینے کے لئے فراہم کرنے کی سمری پر دستخط کردئیے ہیں، ان فوجی ڈرائیوروں کو تیل کی سپلائی کیلئے مامور کیا جائے گا، ٹرک ڈرائیورز کی قلت کے باعث پیدا ہونے والے بحران نے عوام کے لئے پریشانی میں اضافہ کردیا ہے، اور لوگوں کے لئے بچوں کو اسکول چھوڑنے اور لانے سمیت ملازمتوں پر جانے میں بھی مشکل ہورہی ہے، پیٹرول پمپوں پر جھگڑے بھی ہورہے ہیں، برطانوی اخبار نے ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے، جس میں شمالی لندن میں بیل سائز پارک کے قریب برٹس پیٹرولیم کے پمپ پر ایک شخص پیٹرول نہ ملنے پر مشتعل ہو کر 38 سالہ ورکر نرالی پٹیل پر گاڑیوں میں پیٹرول بھرنے والی نوزل سے حملہ کررہا ہے، خاتون کا کہنا ہے کہ جب اس نے بتایا کہ پیٹرول ختم ہوچکا ہے، تو اس شخص نے مجھ پر حملہ کردیا، بعد ازاں پولیس نے موقع پر پہنچ کر حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔

اس دوران طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل کے بحران کی وجہ سے بسوں اور ٹرینوں پر رش بڑھ سکتا ہے، اور اس کی وجہ سے کرونا کیسز میں بھی اضافہ ہوگا، دوسری جانب برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ایک بار پھر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تحمل سے کام لیں، اور صرف اتنا تیل گاڑی میں ڈلوائیں جتنے کی انہیں ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت ابھی سے کرسمس اور اس سے بھی آگے تیل کی سپلائی بحال رکھنے کے لئے کام کررہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ورکرز کی قلت، برطانیہ میں اتنی تنخواہ آفر کی جانے لگی کہ یقین نہ آئے

خیال رہے کہ پیٹرول بحران کے بعد برطانوی حکومت نے امیگریشن پالیسی نرم کرتے ہوئے 5 ہزار ٹرک ڈرائیوروں کو فوری ورک ویزے دینے کا اعلان کیا ہے، دوسری جانب اپوزیشن لیبر لیڈر اور ٹرانسپورٹ سے متعلق ایسوسی ایشن نے اسے قلت کے مقابلے میں آٹے میں نمک کے برابر قرار دیا ہے، ان کاک ہنا ہے کہ برطانیہ میں اس وقت ایک لاکھ ڈرائیورز کی قلت ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.