یورپ آنے والے سمندر میں گم ہوگئے، سفید شاپرز میں پیک ہونا مقدر ٹھہرا

0

برسلز: یورپ آنے کی خواہش لئے مزید تارکین بحیرہ روم کے پانیوں میں گم ہوگئے، لاشیں ساحل پر پہنچنے لگیں، ہلال احمر کا عملہ ساحل پر پہنچنے والی لاشوں کو اٹھا رہا ہے، مرنے والے کون تھے، کہاں سے آئے تھے ، شائید اس کا پتہ کبھی نہ چل سکے۔

تفصیلات کے مطابق یورپ آنے کی کوشش میں غیر قانونی طور پر کشتیوں میں سوار ہونے والے مزید تارکین بحیرہ روم میں ڈوب گئے ہیں، اور ان کی لاشیں لیبیا کے علاقے زاویہ کے ساحل پر پہنچنے لگی ہیں، لیبیا کی ہلال احمر کے مطابق 17 لاشیں ساحل پر پہنچ چکی ہیں، یہ افراد کشتیوں کے ذریعہ یورپ جانے کی کوشش میں ڈوبے ہیں، لیکن یہ علم نہیں ہوسکا کہ ان کے ساتھ حادثہ کب، کہاں اور کیسے پیش آیا، اسی طرح ان بدنصیب تارکین وطن کی شناخت بھی بہت مشکل ہے، اور ان کے پیارے ہمیشہ ان کی راہ تکتے رہیں گے۔

لیبیا کی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ ساحل پر پہنچنے والی لاشیں مقامی حکام کے حوالے کردی گئی ہیں، جو ان کی تدفین کے انتظامات کررہے ہیں، ہلال احمر نے اپنے ٹوئٹر اکاوئنٹ پر امدادی کارکنوں کو ساحل سے لاشیں اٹھاتے دکھایا ہے، جن میں وہ سفید تھیلوں میں لاشوں کو بند کرکے وہاں سے منتقل کررہے ہیں، اقوام متحدہ کے مہاجرین سے متعلق ادارے آئی او ایم کا کہنا ہے کہ اس سال اب تک 11 سو سے زائد تارکین سمندر میں ڈوب کر جانیں گنواچکے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.