جرمنی میں تارکین وطن کو کیا رعائتیں ملنے والی ہیں؟، ورکنگ پیپر سامنے آگیا

0

برلن: یورپی یونین کے سب سے بڑے ملک اور اقتصادی طاقت جرمنی میں نئی حکومت تارکین وطن دوست پالیسی لائے گی، حکومت سازی پر باضابطہ مذاکرات سے قبل ہی تینوں ممکنہ حکومتی جماعتوں نے اس حوالے سے پالیسی پیپر جاری کردیا ہے، جس میں تارکین اور امیگریشن کے حوالے سے اہم اشارے دئیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جرمنی میں ہونے والے انتخابات میں سوشل ڈیموکریٹس نے سب سے زیادہ ووٹ اور نشستیں لی ہیں، تاہم اسے مکمل اکثریت حاصل نہیں، اور وہ حکومت بنانے کے لئے گرین اور فری ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ مذاکرات کررہی ہے، اور غالب امکان ہے کہ تینوں جماعتیں حکومت سازی پر متفق ہوجائیں گی، کیوں کہ ان میں نظریاتی ہم آہنگی  پائی جاتی ہے، اس ہم آہنگی میں تارکین وطن دوست پالیسی بھی شامل ہے، امیگریشن کے حوالے سے تینوں جماعتوں نے ابتدائی ورکنگ پیپر بھی جاری کردیا ہے، جس میں تارکین اور امیگریشن کے حوالے سے اہم اشارے دئیے گئے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ امیگریشن کے شعبے میں اصلاحات لائی جائیں گی، اور افرادی قوت میں کمی دور کرنے کے لئے تربیت یافتہ افراد کو جرمنی بلوانے کا عمل آسان کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: جرمنی میں تبدیلی کی ہوا، سوشلسٹ پارٹی کامیاب، انجیلا مرکل کی جماعت کی بری کارکردگی

تینوں جماعتوں کا کہنا ہے کہ جرمنی ایک جدید امیگریشن نظام والا ملک ہے، جہاں دوسرے ملکوں سے آنے والے مرد و خواتین  نئی زندگی شروع کرتے ہیں،  اس لئے ہم شہریت کے قانون میں اصلاحات لائیں گے، جرمن شہریت اور ورک پرمٹ  کا حصول آسان بنایا جائے گا۔

ورکنگ پیپر میں بتایا گیا ہے کہ تینوں جماعتیں پوائنٹس کی بنیاد پر امیگریشن نظام تشکیل دینا چاہتی ہیں، جن میں تارکین وطن کو تعلیم، جرمن زبان پر عبور، ملازمت اور آمدنی کو دیکھ کر نمبر دئیے جائیں گے، اور پھر اس حساب سے انہیں جرمنی میں رہنے کی قانونی اجازت دی جائے گی۔ فیملی ری یونین میں سہولت اور دہری شہریت سے متعلق قانون بھی تینوں جماعتیں نرم کرنے کی خواہاں ہیں، تاہم اس کے ساتھ وہ جرمنی کو زیادہ محفوظ بنانے کے لئے ہر قسم کے جرائم بالخصوص نفرت انگیز اور انتہاپسندی کے خلاف سخت پالیسی اپنانے کا ارادہ رکھتی ہیں، ووٹر کی عمر بھی 18 سے کم کرکے 16 برس کرنا ان کے منشور میں شامل ہے۔

سوشل ڈیموکریٹس کی جانب سے چانسلر بننے کیلئے نامزد اولاف شولس، گرین پارٹی کی سربراہ انالینا بیربوک اور فری ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ کرسچین لینڈر گفتگو کررہے ہیں، تینوں جماعتوں کی اتحادی حکومت بننے کا امکان ہے۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.