اٹلی میں تیز رفتاری پر پکڑی گئی کار سے خزانہ برامد

0

روم: اٹلی میں تیز رفتاری سے گاڑی چلانا ایک ملزم کو مہنگا پڑگیا، پولیس نے تیزرفتاری پر روکا، تو وہ گھبرا گیا، اس کی گھبراہٹ نے پولیس کو مزید چوکنا کردیا اور انہوں نے گاڑی کی تلاشی لی، جو پولیس کو اس کے چھپائے ہوئے خزانے کی طرف لے گئی۔

تفصیلات کے مطابق میلان سے تعلق رکھنے والا 49 سالہ شخص کلابریا سے واکس ویگن گاڑی میں آرہا تھا، اس کے پاس خفیہ خزانہ بھی تھا، جو شاید وہ چھپا کر اپنی منزل تک پہنچ جاتا، لیکن اس نے گاڑی تیز رفتاری سے چلانی شروع کردی، کومو (COMO) کے علاقے میں پولیس نے تیزرفتاری اور خطرناک ڈرائیونگ کے باعث اس کی گاڑی کو روکا، تو وہ گھبرا گیا، پولیس نے اس سے سوال جواب کیا ، تو اس نے دعویٰ کیا کہ وہ اپنے عزیز کے لئے سودا سلف لینے کیلئے نکلا ہواہے، جبکہ اس کی گاڑی میں بڑے سوٹ کیس نظر آرہے تھے، اس کی گھبراہٹ نے پولیس کو مزید چوکنا کردیا، اور اہلکاروں نے گاڑی کی تلاشی لینے کا فیصلہ کیا۔

اطالوی سرکاری خبر ایجنسی کےمطابق جب اسے یقین ہوگیا کہ پولیس اب گاڑی کی تلاشی لے گی، تو اس نے 20 ہزار یورو کیش نکالا اور پولیس کو دکھاتے ہوئے کہا کہ اس کے پاس یہی رقم ہے، جو اس کی بچت کے پیسے ہیں، اس پر پولیس کا شبہ مزید بڑھ گیا، اور انہوں نے گاڑی کی تلاشی لی، جس سے 7 لاکھ یورو برآمد ہوئے، تاہم اس شخص نے رقم برآمد ہونے پر کہا کہ اسے علم نہیں کہ یہ پیسے کہاں سے آئے ہیں، پولیس نے اس کے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس بنادیا ہے، اور حکام کو شبہ ہے کہ مذکورہ شخص پروفیشنل کورئیر ہے، جو سوئٹزرلینڈ رقم پہنچانے کا کام کرتا ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.