آن لائن ڈبل شاہ پاکستانیوں کو بڑا چونا لگاگیا

0

اسلام آباد: آن لائن ڈبل شاہ پاکستانیوں کو بڑا چونا لگا گیا، لوگ بار بار لٹنے کے باوجود لالچ کا شکار ہو کر کسی نہ کسی ڈبل شاہ کے پاس جا پھنستے ہیں، اس بار فراڈ کرپٹو کرنسی کے نام پر کیا گیا ہے، اور اب لٹنے والے ہاتھ مل رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ڈبل شاہ کی طرح ایک اور بڑا فراڈ سامنے آیا ہے، اور یہ فراڈ آن لائن ڈبل شاہ نے کرپٹو کرنسی کے نام پر کیا ہے، رپورٹ کے مطابق ایک آن لائن ٹریڈنگ موبائل ایپلی کیشن “HFC Pak Trading App” لانچ کرکے لوگوں کو کرپٹو کرنسی کے ذریعہ بڑے منافع کی لالچ دی گئی، جس میں ہزاروں پاکستانی پھنستے چلے گئے، اور ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستانیوں نے بٹ کوائن پر ایک ارب روپے سے زائد رقم لگادی، ا س فراڈ کے پیچھے موجود آن لائن ڈبل شاہ نے 40 ہزار سے زائد افراد کے ساتھ آن لائن رابطہ کرکے انہیں ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کرنے اور بٹ کوائن پر پیسے لگانے کی ترغیب دی۔

کھیلنے کا طریقہ کیا تھا؟

ایپلی کیشن ڈاون لوڈ کرنے والے افراد کو کیش رقم ڈیجیٹل منی چینجر کے ذریعہ ایپلی کیشن کے اکاؤنٹ میں جمع کرانے کو کہا جاتا تھا، جسے وہ کرپٹو کرنسی میں تبدیل کرنے کا جھانسہ دیتے تھے، اس کے بعد لوگوں سے کہا جاتا تھا کہ دن میں چار بار لاگ ان ہوکر بٹ کوائن پر رقم لگائیں، اور اس کے لئے اپنے اکاوئنٹ میں موجود کرپٹو کرنسی کا استعمال کریں، سرمایہ کاری کے لئے 30 ڈالر سے لے کر 50 ہزار ڈالر تک کی پیش کش کی جاتی تھی۔

آن لائن ڈبل شاہ شروع میں لوگوں کو کچھ منافع دیتا تھا، تاکہ ان کا اعتماد حاصل کرسکے، اور مزید لوگوں کو بھی ان کے ذریعہ گھیرا جاسکے، آن لائن ڈبل شاہ نے ایپلی کیشن کے ارکان کو کچھ ہوٹلز میں پارٹیاں بھی دیں، جو اب سوشل میڈیا پر بھی شئیر کی جا تی تھیں ، تاکہ مزید لوگ ان کے جال میں پھنستے چلے جائیں۔

فراڈ کیسے سامنے آیا؟

رپورٹ کے مطابق 19 دسمبر کو اچانک ایپلی کیشن کریش کرنے کے بعد بند ہوگئی، اور آن لائن ڈبل شاہ سرمایہ کاروں کے ایک ارب روپے سے زائد سمیٹ کر غائب ہوگئے، معاملہ سامنے آنے پر ایف آئی اے کراچی نے ایپلی کیشن کے مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے، تاہم اب مسئلہ یہ ہے کہ متاثرین بھی سامنے نہیں آرہے، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے سربراہ عمران ریاض نے متاثرین پر زور دیا ہے کہ وہ سامنے آئیں، اور اپنی سرمایہ کاری اور دیگر تفصیلات سے آگاہ کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.